کسی قوت کو الیکشن التوا میں ڈالنے نہیں دینگے صدر زرداری

بروقت اورشفاف انتخابات کاوعدہ پورا، پنجاب میں حیران کن کارکردگی دکھائیں گے،صدر


News Agencies/Numainda Express February 11, 2013
بروقت اورشفاف انتخابات کاوعدہ پورا،پنجاب میںحیران کن کارکردگی دکھائیں گے، صدر، نائیک، رحمٰن ملک ودیگرکی ملاقاتیں،سادہ اکثریت سے وہ کر دکھایا جو بھاری مینڈیٹ والے نہ کر سکے،بلاول۔ فوٹو: فائل

صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ کسی بھی قوت کو الیکشن التوامیں ڈالنے نہیں دینگے ،بروقت اور شفاف انتخابات کاوعدہ پوراکرینگے، پنجاب میں حیران کن کارکردگی دکھائیں گے۔

یہ بات انھوں نے وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک اور وفاقی وزیرداخلہ رحمٰن ملک سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔اتوار کووفاقی وزیرقانون فاروق نائیک نے صدرزرداری سے ملاقات کی اورانہیں سوئس حکام کی جانب سے مقدمات نہ کھولنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔فاروق نائیک نے بتایاکہ سوئس حکام نے عالمی قوانین اورمقدمات کے غیرضروری التواکے باعث مقدمات دوبارہ کھولنے سے انکارکیاہے جس سے حکومت پاکستان کے اصولی مؤقف کی تائیدہوئی ہے۔آئی این نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ صدر زرداری نے اس موقع پرکہاکہ قوم سے بروقت اورشفاف انتخابات کاوعدہ پوراکیاجائے گا۔

پیپلز پارٹی کسی قوت کو انتخابات التوامیں ڈالنے نہیں دے گی،ہم ملکی تاریخ میں پہلی بار پرامن انتقال اقتدارکویقینی بنائینگے،پیپلز پارٹی آنے والے انتخابات میں پنجاب میں حیران کن کارکردگی کامظاہرہ کرے گی۔فاروق نائیک نے سوئس حکام کے فیصلے پر صدر کومبارکباد دی، ملاقات میں سیاسی صورتحال،نگراں حکومت کے قیام اورنگراں وزیر اعظم کیلیے پیش ہونے والے نام بھی زیربحث آئے،بلوچستان سے گورنر راج کے خاتمہ کیلیے ہونے والی کوششوں پربھی تبادلہ خیال کیاگیا،وزیر قانون نے سپریم کورٹ میں زیرسماعت بعض اہم مقدمات خاص طور پر الیکشن کمیشن کی تحلیل کیلیے طاہرالقادری کی آئینی درخواست کے قانونی اوردیگرپہلوئوں پرصدرکو تفصیلی بریفنگ دی۔

علاوہ ازیں وزیرداخلہ رحمٰن ملک نے بھی بلاول ہائوس لاہورمیں صدر زرداری سے ملاقات کی اور انہیں ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی۔گورنرپنجاب مخدوم احمد محمود اور پیپلزپارٹی پنجاب کے صدرمنظور وٹو نے بھی صدرزرداری سے ملاقات کی اورمختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی لاہورکی صدراوروفاقی وزیر ثمینہ خالدگھرکی کی رہائش گاہ پراپنے اعزازمیں دیے گئے ظہرانہ میں بھی شرکت کی اس موقع پربلاول بھٹو زرداری نے کہا کسی کو الیکشن میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

1

پیپلز پارٹی کی حکومت نے سادہ اکثریت سے وہ کردکھایا جو دوتہائی اکثریت کا بھاری مینڈیٹ رکھنے والے بھی نہ کرسکے،آئین کو آمروں کی خرافات سے پاک کیا گیا ہے، پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات کی بھر پورتیاریاں کر رہی ہے اور پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں کامیاب حاصل کرے گی۔اس موقع پر خالد گھرکی مرحوم کے بیٹے سفیان خالد گھرکی کو لاہورسے الیکشن لڑانے کی تجویزپر غور کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری کو لاہورکی سیاسی اور تنظیمی صورتحال پربریفنگ دی گئی۔ صدر نے گھرکی خاندان سے ملاقات میں مختلف امورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیا، لاہور میں پارٹی کومنظم کرنے کے حوالے سے بھی امور زیر بحث آئے۔

ثمینہ گھرکی نے یقین دلایاکہ پیپلزپارٹی لاہور کی تمام نشستوں پرامیدوارکھڑے کرے گی اورکم از کم قومی اسمبلی کی6نشستوں پر پیپلزپارٹی الیکشن جیتے گی۔صدر زرداری نے کہا کہ لاہور میں گھر بن گیاہے اب انشا اللہ لاہور آنا جانا لگا رہے گا۔ صدر نے سابق صوبائی وزیرفاروق یوسف گھرکی سے کہاکہ وہ اپنے حلقے میں لوگوں سے رابطہ بڑھائیں۔یوسف گھرکی نے کہا کہ جیالوں کونوکریاں دی جائیں ہم پارٹی کیلیے حاضر ہیں اورلوگوں کی خدمت کر رہے ہیں،جو لوگ الیکشن لڑنے کے بعدغائب ہوجاتے ہیں لوگ بھی انہیں پسندنہیں کرتے۔ بلاول بھٹو زرداری آئندہ الیکشن کے حوالے سے پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے۔

وہ آج فیصل آباد ڈویژن کی پارٹی تنظیموں کے نمائندوں اورارکان اسمبلی سے ملاقات کریںگے ۔13 فروری کوسرگودھا ، 14 فروری کو ساہیوال اور 15 فروری کوراولپنڈی کے پارٹی عہدیدار بلاول بھٹوزرداری سے ملاقات کریں گے۔ صدر زرداری اپنے دوستوں اورساتھیوں سے خصوصی طورپربلاول بھٹو زرداری کی ملاقاتیں کروارہے ہیں۔ثنا نیوزکے مطابق بلاول نے پارٹی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے حوالے سے تمام سیاسی اموراپنی صدارت میں نمٹانے کا فیصلہ کیاہے ۔