بھارتی اداکار دلیپ کمار اچانک طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل

ویب ڈیسک  بدھ 2 اگست 2017
دلیپ کمار کو گردے میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا— فوٹو : فائل

دلیپ کمار کو گردے میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا— فوٹو : فائل

 ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دلیپ کمار اپنے گھر میں موجود تھے جب انہیں گردے میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دلیپ کمار کے جسم میں پانی کی کمی ہوگئی ہے جس کی وجہ سے انہیں گردے میں تکلیف محسوس ہوئی۔ اسپتال میں دلیپ کمار کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے جن کی رپورٹ آنے کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دلیپ کمار کو اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے اور اس وقت ان کی طبیعت بہتر ہے تاہم انہیں زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔ خیال رہے کہ 94 سالہ اداکار دلیپ کمار کی صحت رواں برس تیزی سے گری ہے اور انہیں کئی بار اسپتال میں داخل ہونا پڑا ہے۔ گزشتہ برس اپریل میں دلیپ کمار کو بخار اور متلی کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جبکہ دسمبر میں ان کے دائیں پاؤں میں سوجن ہوگئی تھی جس کی وجہ سے انہیں اسپتال لے جایا گیا تھا۔

دلیپ کمار 6 دہائیوں پر مشتمل اپنے فلمی کیریئر میں 65 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں دیوداس، نیا دور، مغل اعظم، گنگا جمنا، کرانتی اور کرما جیسی شاہکار فلمیں بھی شامل ہیں۔ 1991 میں بھارتی حکومت نے دلیپ کمار کو پدما بھوشن ایوارڈ سے نوازا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔