سی آئی ڈی کی کارروائی کالعدم تحریک طالبان کے 2 کارندے گرفتار

منگھوپیر روڈ پر چھاپہ مارا گیا ، دھماکا خیز مواد ، دستی بم ، ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد


Staff Reporter February 12, 2013
ملزمان نے سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، چوہدری اسلم فوٹو : فائل

سی آئی ڈی گارڈن انسداد انتہا پسندی سیل نے منگھوپیر روڈ پر چھاپہ مار کر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 کارندوں کو گرفتار کر کے دھماکا خیز مواد، دستی بم ، ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کرلیں ۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سی آئی ڈی گارڈن انسداد انتہا پسندی سیل چوہدری اسلم کو پیر کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ منگھوپیر کے علاقے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان( ولی الرحمٰن گروپ) کے 2 کارندے موجود ہیں جس پر انھوں نے اپنی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی جس نے جاویداں سیمنٹ فیکٹری منگھوپیر روڈ پر مقابلے کے بعد 2 ملزمان خالد محسود اور عبدالرحمٰن گروپ کو گرفتار کر کے 10 کلو دھماکا خیز مواد ، 4 دستی بم ، 2 ٹی ٹی پستول ، 5 فٹ ڈیٹونیٹر وائر اور گولیاں برآمد کرلیں۔



چوہدری اسلم نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سہراب گوٹھ کے امیر نعمت اﷲ محسود کے قریبی ساتھی ہیں اور برآمد کیا جانے والا دھماکا خیز مواد شہر میں دہشت گردی کے لیے لائے تھے۔چوہدری اسلم نے بتایا کہ نعمت اﷲ محسود گروپ نے سہراب گوٹھ کے علاقے میں 21 جولائی 2012 کو پولیس مہم کے انچارج ڈاکٹر اسحقاق کے قتل اور 17 جولائی 2012 کو اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کر کے ڈاکٹر سمیت2 افراد کو زخمی کیا تھا ۔