مارشل لا ہمیشہ ملک کے مفاد میں لگے ارباب رحیم

فوج کی حمایت کریں گے، پرویز مشرف نے درست احتساب نہیں کیا، ویڈیو کانفرنس


Nama Nigar February 13, 2013
ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے بات چیت کا دروازہ بند نہیں کیا، میرے ساتھ انھوں نے جتنی زیادتی کی ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے. فوٹو: فائل

فوج نے ہمیشہ ملک کے مفاد میں مارشل لا لگایا اور اقتدار میں آتے رہے، اس بار بھی اگر کڑا احتساب کرنے کیلیے فوج آئے گی ہم حمایت کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ہم خیال کے سربراہ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے منگل کے روز نوابشاہ میں ضلعی صدر قاضی ندیم کی رہائش گاہ پر ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ پرویز مشرف اگر درست طریقے سے احتساب کرتے تو آج ہم کو یہ دن دیکھنے نہ پڑتے۔ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔



انھوں نے کہا کہ امریکا طالبان سے مذاکرات کررہا ہے ہوسکتا ہے کہ اسی تناظر میں الیکشن موخر ہوجائیں۔ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلزپارٹی سے بات چیت کا دروازہ بند نہیں کیا، میرے ساتھ انھوں نے جتنی زیادتی کی ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے، میں پیپلزپارٹی میں شامل نہیں ہورہا اور نہ ہی بات چیت کی ہے۔

انھوں نے کہاکہ سندھ بچائو کمیٹی دراصل انتخابی اتحاد ہے، سندھ بچانے کیلیے اتحاد نہیں ہوا ہے بلکہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کیلیے اتحاد کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ہم خیال عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور وہ خود بھی بہت جلد پاکستان آئینگے۔ مجھے جو لوگ چھوڑ گئے ہیں وہ ہر اقتدار میں آنیوالوں کے دوست ہوتے ہیں۔

مقبول خبریں