کراچی میں فائرنگ سے ڈی ایس پی ٹریفک ڈرائیورسمیت شہید

ویب ڈیسک  جمعـء 11 اگست 2017
جائے وقوعہ سے ملنے والئے خول فارنزک لیب بھیج دیئے گئے ہیں، پولیس: فوٹو: آن لائن

جائے وقوعہ سے ملنے والئے خول فارنزک لیب بھیج دیئے گئے ہیں، پولیس: فوٹو: آن لائن

 کراچی: عزیزآباد مکا چوک پرنا معلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی ٹریفک ڈرائیورسمیت شہید ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد کے قریب مکا چوک پرموٹر سائیکل پرسوارنامعلوم افراد نے ڈی ایس پی ٹریفک کریم آباد محمد حنیف کی موبائل پرفائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی ٹریفک موقع پرہی جاں بحق جب کہ ڈرائیورسلطان زخمی ہوگیا۔

واقعے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں اورزخمی ڈرائیورسلطان کو اسپتال منتقل کیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ڈرائیور بھی جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے پولیس وین پر دوطرف سے فائرنگ کی گئی، جائے وقوعہ سے ملنے والئے خول فارنزک لیب بھیج دیئے گئے ہیں جب کہ کارروائی کا آغازکردیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیرداخلہ سندھ سہیل انورسیال نے کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ پرنوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اوردہشتگردوں کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دے دیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پرفائرنگ سے ایک ٹریفک پولیس اہلکارشہید جب کہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔