ملک کے حکمران بے حس ہوچکے ہیں محمد شاہد غوری

علامتی بھوک ہڑتال کا 9واں روز، کسی بھی حکومتی اہلکار نے تاحال رابطہ نہیں کیا.


Staff Reporter February 13, 2013
ق لیگ کے امان اللہ پراچہ سمیت دیگر جماعتوں کے رہنمائوں نے اظہار یکجہتی کیا. فوٹو اے ایف پی

پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ حکمران بے حس ہوچکے ہیں۔

5سال کے دوران10ہزار سے زائد افراد قتل کردیے گئے ہیں اور حکمران سیاست اور جوڑ توڑ میں مصروف ہیں، پی ایس ٹی کی علامتی بھوک ہڑتال کے9 روز کے دوران کسی بھی حکومتی اہلکار نے کوئی رابطہ نہیں کیا جو قابل افسوس ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان سنی تحریک کے تحت کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ، کارکنوں کے قتل عام اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر9روز سے جاری علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں موجود کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

8

منگل کو مسلم لیگ (ق) کے رہنما امان اللہ پراچہ سمیت دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے بھی اظہار یکجہتی کیا، اس موقع پر محمد شاہد غوری نے کہا کہ موجودہ حکمران مکمل طور پر بے حس ہوچکے ہیں اور ماہ ربیع الاول کے دوران ہمارے کارکنان کو اغوا کرکے قتل کیا گیا، انھوں نے کہا کہ ہماری جشن عید میلاد النبیؐ کی ریلیوں پر حملے کیے گئے اور ریلیوں کو روکا گیا، اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے رہنما امان اللہ پراچہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کراچی میں قیام امن میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے اور روزانہ درجنوں بے گناہ شہریوں کا خون بہایا جارہا ہے۔