حجاب نوچے جانے پر امریکی لڑکی کو 85 ہزار ڈالر ہرجانہ ادا کردیا گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 اگست 2017
امریکی پولیس نے 2015 میں کرسٹی پاول کا نقاب نوچ کر ان کے ساتھ بدسلوکی کی تھی۔ فوٹو: فائل

امریکی پولیس نے 2015 میں کرسٹی پاول کا نقاب نوچ کر ان کے ساتھ بدسلوکی کی تھی۔ فوٹو: فائل

لانگ بیچ: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں حجاب نوچے جانے پر مسلمان لڑکی کو 85 ہزار ڈالر ہرجانہ ادا کردیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا کے شہر لانگ بیچ کی انتظامیہ نے نوجوان مسلم خاتون کرسٹی پاول کو 85 ہزار ہرجانہ ادا کیا ہے جن کا اسکارف پولیس نے زبردستی نوچ کر اتار دیا تھا۔

یہ واقعہ 2015 میں پیش آیا جب کرسٹی پاول اپنے شوہر کے ہمراہ گاڑی میں سفر کررہی تھی کہ پولیس نے انہیں روکا اور تھانے لے جا کر بند کردیا۔ کرسٹی کی تلاشی کے دوران سب کے سامنے ان کا حجاب نوچ کر اتار دیا گیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔

کرسٹی نے 2016 میں سٹی کونسل کے خلاف مقدمہ کرتے ہوئے پولیس پر اپنے حقوق کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا۔ کرسٹی نے کہا کہ پولیس کے اس رویے کی وجہ سے انہیں تذلیل اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

قانونی چارہ جوئی ختم کرنے کے لیے شہری انتظامیہ اور کرسٹی کی نمائندگی کرنے والی تنظیم امریکن اسلامک ریلیشن کونسل کے درمیان تصفیہ طے پاگیا جس کے تحت انتظامیہ نے کرسٹی کو 85 ہزار ڈالر ہرجانہ ادا کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔