غیر معیاری سلنڈر والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کا حکم

دوہفتے میں حکم پرعمل نہ ہوا تو وفاقی وصوبائی سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری پٹرولیم،صوبائی سیکریٹری قانون


Staff Reporter February 14, 2013
درخواست دائر ہوئے ایک سال ہوگیا، کسی نے جواب داخل نہیں کیا،عدالتی حکم کی نقل متعلقہ حکام تک پہنچائیں، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے حکومت کو شہر میں چلنے والی گاڑیوں میں نصب غیر معیاری گیس سلنڈرز اور ٹینکس کے خلاف دوہفتے میں موثر کارروائی کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہوا تو سمجھا جائے گا کہ وفاقی وصوبائی سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری پٹرولیم ، صوبائی سیکریٹری قانون،چیئرمین اوگراا ور چیف سیکریٹری توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں اور عدالت اپنا حکم جاری کرے گی، جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے بدھ کو سماعت کے موقع پر مدعا علیہان کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ درخواست دائر ہوئے ایک سال سے زائد مدت گزر گئی کسی مدعا علیہ نے جواب داخل نہیں کیا ۔



اس کے علاوہ عدالت نے 28 نومبر 2012 کو غیر معیاری گیس سلنڈرز کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا مگر عدالتی حکم پر عمل درآمد ہوا اور نہ ہی مدعا علیہان کی جانب سے جواب داخل کیا گیا ، عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل اشفاق تگڑ اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شفیع محمدمیمن کو ہدایت کی کہ عدالتی حکم کی نقل حاصل کرکے متعلقہ حکام تک پہنچادیں، عدالت نے ہدایت کی تھی کہ ایسی گاڑیوں کو سڑک پر آنے اور مسافر اٹھانے سے بھی روکا جائے، ایل پی جی سلنڈرسے دوسرے سلنڈر میں منتقلی کو روکا جائے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

رانا فیض الحسن کی جانب سے دائر درخواست میں وزارت قانون، وزارت پٹرولیم ، وزارت داخلہ اور دیگرکو فریق بناتے ہوئے کہاگیا ہے کہ 12جولائی2011 کواسلام آباد ہائی وے پر گیس سلنڈر کے دھماکے سے وین میں آگ لگ گئی جس سے 15افراد جاں بحق ہوگئے اوراس طرح شہر بھر میںمختلف واقعات میں درجنوں افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ، حکومت کے پاس سی این جی سلنڈرز کے معائنے کا کوئی نظام نہیں، غیر معیاری سلنڈرز کی تنصیب سے گاڑی میں سوار افراد کو جان کا خطرہ لاحق رہتا ہے، آئین کے آرٹیکل 9 کے تحت ہر شہری کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے،رہائشی گنجان آباد علاقوں میں ایل پی جی گیس کی دکانوں میں سلنڈر سے سلنڈر میں گیس منتقلی کو بھی روکا جائے۔