این اے 120 ضمنی انتخاب؛ کلثوم نوازکے کاغذات نامزدگی چیلنج

ویب ڈیسک  منگل 15 اگست 2017

 لاہور: پاکستان عوامی تحریک اور پیپلز پارٹی نے این اے 120 میں ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کی امیدوارکلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی چیلنج کردیئے ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے امیدواراشتیاق چوہدری کی جانب سے این اے 120 کے ریٹرننگ افسر کے روبرو درخواست دائرکی گئی ہے جس میں موقف اختیارکیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) نوازشریف کے نام پر رجسٹر ہے اور وہ نا اہل ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ بیگم کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں متحدہ عرب امارات کا اقامہ ظاہرکیا مگراقامے کا معاہدہ چھپایا، انہوں نے اقامے میں ملنے والی تنخواہ کو بھی ظاہر نہیں کیا جب کہ اقامے میں اپنا عہدہ ظاہر نہیں کیا جو ڈپٹی چیئرپرسن کا ہے۔

دوسری جانب پی پی پی کے امیدوار فیصل میر نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پاناما جے آئی ٹی کے مطابق کلثوم نواز لندن کے اثاثہ جات کی براہ راست بینیفشری ہیں لیکن انہوں نے اس کا کاغذات نامزدگی میں تذکرہ نہیں کیا، کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں متعدد باتیں چھپائی ہیں جس کی وجہ سے وہ صادق و امین نہیں رہیں، آئین کے آرٹیکل 62،63 پر پورا نہیں اترتیں، کلثوم نواز کا تعلق ایک ایسی سیاسی جماعت سے ہے جس کے سربراہ کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا ہے، اس لیے وہ مسلم لیگ ن کا نام استعمال نہیں کرسکتیں، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی مسترد کرے۔ این اے 120 کے ریٹرننگ افسر نے بیگم کلثوم نواز کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے کل طلب کر لیا ہے ۔

واضح رہے کہ این اے 120 نواز شریف کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی اور پہلے یہاں سے شہباز شریف کو امیدوار بنانے کا فیصلہ ہوا تھا تاہم بعد میں سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کو امیدوار بنایا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔