بینک ڈکیتیوں اور اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

ملزم سے کلاشنکوف اور دستی بم برآمد ،صدر میں ہوٹل سے 4 مشتبہ غیر ملکی گرفتار


Staff Reporter February 14, 2013
فوٹو : فائل

سی آئی ڈی نے حب ریور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے بینک ڈکیتیوں اور پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا ملزم گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سی آئی ڈی فیاض خان نے حب ریور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزم شاد سالار زئی کو گرفتار کرلیا، انھوں نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف اور دستی بم سمیت متعدد رائونڈ برآمد کرلیے گئے ۔



فیاض خان کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس اہلکاروں کے قتل ، بینک ڈکیتیوں اور مختلف جرائم میں ملوث اور پولیس کو مطلوب تھا ، علاوہ ازیں اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ کے سربراہ ایس ایس پی فاروق اعوان نے صدر میں ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر4مشتبہ غیر ملکی افراد کو حراست میں لے لیا ، ڈی ایس پی واصف قریشی نے ایکسپریس کو بتایا کہ خفیہ اطلاعات ملنے پر صدر میں ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر 4 غیر ملکیوں کو حراست میں لیا گیا اور ان سے پوچھ گچھ کی، پولیس نے ان کے پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات چیک اور بغور جائزہ لیا ، واصف قریشی کا کہنا تھا کہ پوچھ گچھ کے بعد پولیس نے مذکورہ چاروں افراد کو چھوڑ دیا۔