سندھ کے لٹیروں کا سردار آصف زرداری ہے، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعـء 25 اگست 2017
نواز شریف نے آصف زرداری سے زیادہ ملک کو لوٹا، عمران خان۔ فوٹو: فائل

نواز شریف نے آصف زرداری سے زیادہ ملک کو لوٹا، عمران خان۔ فوٹو: فائل

سکھر: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سندھ کے چوروں کا سردار آصف زرداری ہے جس کا پاکستانی سیاست کے گاڈ فادر نواز شریف کی طرح مقابلہ کروں گا۔

سکھر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ وقت کے فرعونوں نے سندھ کے عوام پر بے انتہا ظلم کیا، دنیا آگے جا رہی ہے اور سندھ کے عوام پیچھے رہ گئے ہیں، سندھ کا پیسا چوری کر کے باہر بھیجا گیا، مگر اب پاکستان کی تاریخ کا سنہری دور آنے والا ہے اور آصف زرداری کے خلاف آپ کو میرے ساتھ مل کر مقابلہ کرنا ہے کیوں کہ سندھ کے چوروں کا سردار آصف زرداری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ایک گاڈ فادرکو قوم نے سڑکوں پر نکل کر شکست دی اور آج وہ کہتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا لیکن کچھ وقت بعد سندھ میں بھی ایک فرعون کہہ رہا ہو گا کہ مجھے کیوں نکالا۔ آصف زرداری اور نواز شریف میں فرق ہے کیونکہ آصف زرداری کو پتہ ہو گا کہ اسے کیوں نکالا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کیا نواز شریف کو واقعی سمجھ نہیں ہے کہ انہیں کیوں نکالا، نوازشریف آپ کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں، یہ پیسا کہاں سے آیا، آپ نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا، ادارے تباہ کیے، نوازشریف نے اتنی چوری کی ہے کہ شاید اتنی آصف زرداری نے بھی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی چوری اور کرپشن بچانے کے لیے ملک کے ادارے تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، انہوں نے کوئی ادارہ نہیں چھوڑا جس میں اپنے لوگ نہ بیٹھائے ہوں، آج نوازشریف وکیلوں کے سامنے عدلیہ کے خلاف باتیں کر رہے تھے، کیا ایک نااہل اور کرپٹ شخص کی باتیں سننے والے وکیل نادان تھے۔

چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قانون کے دوہرا معیار ہے، جو پیسا عوام پر لگنا چاہیے وہ ملک سے باہر چلا جاتا ہے، پینے کا صاف پانی ریاست کی بنیادی ذمے داری ہے، سندھ میں بڑے کسان پانی لے جاتے ہیں لیکن چھوٹے کسانوں کو پانی نہیں ملتا، آج پختونخوا کے ہر چھوٹے قصبے اور ضلع میں ڈاکٹرز ہیں لیکن سندھ کے لوگوں کا برا حال ہے۔

آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ زرداری کی بھی جائیدادیں مغرب میں ہیں، پاکستانیو! اس کو ووٹ کبھی نہ دینا جس کا پیسا اور جائیدادیں بیرون ملک ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کا پیسا مغرب میں ہے اس لیے انہوں نے ٹرمپ کے بیان پر ایک لفظ نہیں کہا، نوازشریف کو ڈر ہے، ٹرمپ کیخلاف بات کی تو اس کا پیسہ بھی چلا جائے گا اور نوازشریف کو پتا ہے کہ جیل گیا تو اس کے تمام اثاثے ضبط ہو جائیں گے۔

قبل ازیں شاہ محمود قریشی کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ شہید کے خون پر سوار ہو کر پیپلز پارٹی حکومت میں آئی لیکن مرکز اور صوبے میں حکومت ہونے کے بعد بھی قاتلوں تک نہ پہنچ سکی، بے نظیر کو قتل کیا گیا تو بھی سندھ سے بغاوت کا نعرہ نہیں سنا، کوئی ایسی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے جو سندھ کو توڑ دے اور سندھ کے حقوق کو پامال کرنے والا ڈیم تعمیر کرنے نہیں دیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف پوچھتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا تو آپ کو اس لئے نکالا گیا کیونکہ آپ نے پاکستانیوں کے ارمانوں کا خون کیا۔ انہوں نے آصف زرداری کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کا الیکشن لڑنے بھی آ رہا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔