فکر اور پریشانی سے نجات پانے کے تین آسان طریقے

ویب ڈیسک  پير 26 نومبر 2018
ماہرینِ نفسیات نے پریشان خیالی سے چھٹکارا پانے کے تین اہم طریقے بیان کئے ہیں۔ فوٹو: فائل

ماہرینِ نفسیات نے پریشان خیالی سے چھٹکارا پانے کے تین اہم طریقے بیان کئے ہیں۔ فوٹو: فائل

 لندن: ماہرِ نفسیات کے مطابق پریشان اور فکرمندی کی سوچ کو تین آسان طریقوں سے دور کیا جا سکتا ہے۔

پروفیسر ہانس نورڈال کے مطابق منفی سوچ کو وقت کا زیاں جان کر، حال پر توجہ دیتے ہوئے اور سوچ کو منتشر ہونے سے بچا کر آپ پریشان کن خیالات کو ذہن سے جھٹک سکتے ہیں اور یوں ایک پرسکون زندگی گزار سکتے ہیں۔

ناروے کی جامعہ برائے سائنس و ٹیکنالوجی میں رویہ جاتی ادویہ (بیہوریئل میڈیسن) کی ماہر پروفیسر ہانس کہتی ہیں کہ ہم اداسی، پریشان خیالی اور فکرمندی کو مسائل کے حل کی ایک راہ سمجھتے ہوئے بار بار ذہن میں لاتے ہیں لیکن اصل میں ہم خود پر تنقید کر کے منفی خیالات سے خود کو ہلکان کر رہے ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ اسی طرح ہے کہ کسی کے ہاتھ میں تھوڑی دیر تک گلاس ہو تو ٹھیک لیکن مسلسل دو گھنٹے تک گلاس تھامنا ہو تو یہ بہت بھاری اور تکلیف دہ ہو جاتا ہے اور اداسی اور پریشان کن خیالات بھی ایسے ہی ہوتے ہیں جو طویل وقت کے لیے مسلسل ذہن میں ڈیرہ جما کر بھاری بھر کم ہو جاتے ہیں۔

اس فکرمندی اور اداس خیالات سے جان خلاصی کے تین طریقے یہ ہیں:

اسے وقت کا زیاں سمجھئے

اداس کرنے والےاور پریشان کن خیالات کو سب سے پہلے وقت اور توانائی ضائع کرنا والا سمجھئے۔ پریشان کن خیالات سے جان چھڑانا اتنا مشکل نہیں جتنا نظر آتا ہے لیکن اس سے قبل بعض باتوں کو سمجھنا ضروری ہو گا۔

سب سے پہلے تو یہ سمجھئے کہ پریشانی اور اداس خیالی ایک طرح سے وقت اور توانائی ضائع کرنے والی وبا ہے۔ اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا اور نہ ہی فکر سے مسائل حل ہوتے ہیں۔ لوگوں کی اکثریت ان منفی خیالات کو مسائل کے حل کی جانب ایک کوشش سمجھتی ہے لیکن وہ غلطی پر ہیں۔ بار بار منفی اور پریشان کن باتیں سوچنے سے آپ کا پورا مزاج منفی ہو جاتا ہے۔

اب جب بھی ایسے خیالات ذہن میں آئیں تو خود سے ایک سوال کیجئے کہ آخر اس سب کا فائدہ کیا ہے؟

ابھی اور اس جگہ پر توجہ رکھیں

پریشانی اور فکر کو چھوڑ کر اسی لمحے اور اسی جگہ پر توجہ دیجئے۔

پروفیسر ہانس کے مطابق مایوس کن فکروں کو نظر انداز کرتے ہوئے ان واقعات پر غور کیجئے جو آپ کے اردگرد نمودار ہو رہے ہیں۔

جیسے ہی آپ حال میں جینے لگتے ہیں اور موجودہ واقعات کے لحاظ سے زندگی گزارتے ہیں آپ کی فکر مندی ازخود غائب ہو جاتی ہے۔ تاہم منفی خیالات بار بار حملہ کر سکتے ہیں لیکن انہیں وہیں چھوڑ دیں اور ہر لمحہ جینے کی کوشش کیجئے۔

خیالات کے انتشار سے بچیے

ان چیزوں سے بچیں جو آپ کے ذہن کو سکون میں نہیں آنے دیتیں اور اسے بھٹکاتی رہتی ہیں۔ پروفیسر ہانس کے مطابق کئی لوگ فکر سے بچنے کے لیے ٹی وی، گیمز اور منشیات کا سہارا لیتے ہیں۔ نفسیات کی زبان میں یہ بھٹکانے والی عارضی چیزیں ہیں اور ان کے سہارے دماغ کو طویل عرصے تک پرسکون نہیں رکھا جا سکتا۔ یہ بالکل اسی طرح ہے جیسے کہ ہم اپنی حاجت اور خوشیوں کے لیے دوسرے لوگوں پر بھروسہ رکھیں۔

اس کے بجائے آپ مسلسل مشق کر کے منفی سوچوں کو کمزور سے کمزور کرتے جائیں اور حال میں مصروف رہ کر پریشان خیالی سے چھٹکارے کی کوشش کیجئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔