سعودی خاتون کا تاریخی ڈیبیو محض82 سیکنڈز پر محیط

جوڈو فائٹ کے دوران سیاہ سوئمنگ کیپ سے سر ڈھانپے رکھا، شکست کے بعد رو پڑیں


AFP/Sports Desk August 04, 2012
جوڈو فائٹ کے دوران سیاہ سوئمنگ کیپ سے سر ڈھانپے رکھا، شکست کے بعد رو پڑیں (فوٹو ایکسپریس)

سعودی خاتون کا تاریخی اولمپک ڈیبیو محض82 سیکنڈز پر محیط رہا، جوڈو پلیئر وجدان شہرخانی کو انڈر78کے جی کیٹیگری کے پہلے رائونڈ میں پیورٹو ریکا کی میلیسا موجیسا نے ہرادیا، اولمپک مقابلوں میں حصہ لینے والی پہلی سعودی خاتون نے دوران فائٹ سیاہ سوئمنگ کیپ سے سر ڈھانپے رکھا، شکست کے بعد وہ رو پڑیں، شائقین نے ان کی بہت حوصلہ افزائی کی۔ میڈیا سے گفتگو میں وجدان نے کہا کہ میں حجاب تنازع کی وجہ سے بہت زیادہ دبائو کا شکار تھی،

مجھے ایونٹ میں شرکت پر فخر ہے، میں جوڈو کے کھیل کو جاری رکھنا چاہتی اور ان لوگوں کی بیحد مشکور ہوں جنھوں نے میری حمایت کی۔ یاد رہے کہ حجاب پہن کر مقابلے میں شرکت کی اجازت نہ ملنے پروجدان شہرخانی کی فائٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی تھی تاہم جوڈو فیڈریشن کے موقف میں نرمی نے معاملہ سلجھا دیا،سعودی عرب نے لندن گیمز میں شرکت کیلیے اپنی خاتون رنر سارا عطار کو بھی بھیجا ہے،

آفیشلز کے مطابق وہ بھی اسلامی لباس زیب تن کرنے کی اجازت ملنے ہر ہی 800میٹر دوڑ میں حصہ لیں گی، دوسری جانب سعودی جوڈو فیڈریشن کے صدر ہانی نجم کا کہنا ہے کہ ہماری دیگر خواتین پلیئرز بھی عالمی مقابلوں میں حصہ لے سکتی ہیں، اگر اسلامی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے تو کوئی بھی ان کی مخالفت نہیں کریگا، ہمارا ارادہ 2016 کے ریو ڈی جنیریو میں بھی سعودی خواتین کی شرکت کویقینی بنانے کا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے