سیاسی جماعت کے عہدیدار کے قتل کی تحقیقات شروع نہ ہوسکی

مقتول آتش بازی کے سامان کا کاروبار کرتاتھا، مقدمہ درج نہ ہوسکا.


Staff Reporter February 17, 2013
مقتول آتش بازی کے سامان کا کاروبار کرتاتھا، مقدمہ درج نہ ہوسکا. فوٹو اے ایف پی

گلستان جوہر میں3 روز قبل فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے سیاسی جماعت کے عہدیدار کے قتل کا مقدمہ درج نہ ہی تحقیقات کا آغاز ہو سکا۔

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر میں آتش بازی کے سامان کا کاروبار کرنے والے انور عباس کے قتل کا مقدمہ 3 روز گرز جانے کے باوجود درج کیا جا سکا نہ ہی واقعے کی تحقیقات شروع ہوسکی ہے۔



شارع فیصل پولیس کے مطابق مقتول کے لواحقین نے سوئم کے بعد مقدمہ درج کرانے کا کہا تھا،مقتول انور عباس کا تعلق سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ سے تھا اور مقتول یونٹ 33-D کے کمیٹی ممبر اور یونٹ آفس کا جنرل سیکریٹری تھا،مقتول گزشتہ کئی برسوںسے آتش بازی کا کاروبار کر رہا تھا،ذرائع کے مطابق 13 فروری کو انور عباس کوجس وقت فائرنگ کر کے قتل کیا گیا اس وقت ایک مشکوک شخص ان کے دفتر میں داخل ہوا تھا اور کسی وکیل کا نام بنا کر پتہ معلوم کر نے لگا اور جب اس شخص کو پوچھے جانے والے پتہ کا جواب نہ ملا تو وہ شخص دفتر سے چلا گیا اور تھوڑی ہی دیر بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آگیا ۔

واضح رہے کہ گزشتہ بدھ کو گلستان جوہر بلاک 18میں واقع منیر مال کی پہلی منزل پر واقع دفتر نمبر M-2 میں گھس کر نامعلوم مسلح ملزمان نے34 سالہ انور عباس ولد اختر عباس کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا اور ملزمان جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے ، مقتول کی نماز جنازہ انچولی میں واقع امام بار گاہ میں ادا کی گئی اور تدفین سپر ہائی وے پر واقع قبرستان وادی حسین میں کی گئی تھی، مقتول انورعباس نے 2 بیٹے ، ایک بیٹی اور بیوہ کو سوگوران میں چھوڑا ہے۔