جھوٹے مقدمے میں پھنسائے گئے شہری رہا ایس ایچ او کو شوکاز جاری

مغویوں کیخلاف مقدمات کا دعویٰ، پولیس ثبوت پیش نہ کرسکی ،پولیس افسر سے جواب طلب


Staff Reporter August 04, 2012
مغویوں کیخلاف مقدمات کا دعویٰ، پولیس ثبوت پیش نہ کرسکی ،پولیس افسر سے جواب طلب. فائل فوٹو

ISLAMABAD: جوڈیشل مجسٹریٹ نے جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیے جانیوالے 2 شہریوں کو اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے رہا کردیا، اس موقع پر پولیس کوئی بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی، فاضل عدالت نے مکمل رپورٹ پیش کرنے سے انکار کرنے والے ایس ایچ او تھانہ فیروز آباد کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔

سیشن جج شرقی عبید احمد خان نے 28جولائی کو شاہد سومرو کی حبس بے جا کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی سہیل احمد جتوئی کو مغویوں بلال اور عابد کو پولیس کی غیرقانونی حراست سے بازیاب کرنے کا حکم دیا تھا، سیشن جج کے حکم پر فاضل جج نے مذکورہ تھانے میں چھاپہ مار کر دونوں شہریوں کو حوالات سے بازیاب کیا تھا۔

تھانے کے ریکارڈ کے مطابق شہریوں کیخلاف ایف آئی آر تھی اور نہ ہی روزنامچے میں کوئی انٹری، فاضل عدالت نے ایس ایچ او کو مغویوں کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا لیکن ایس ایچ او نے انھیں رہا کرنے سے انکار کردیا اور فاضل جج کو بتایا کہ مغویوں کیخلاف تھانہ پی آئی بی میں مقدمہ درج ہے اور تھانے میں لاک اپ نہیں ہے جس کی وجہ سے انھیں اس تھانے کے حوالات میں بند کیا ہے، فاضل جج نے ایس ایچ او کو 30منٹ کا وقت دیتے متعلقہ تھانے سے شہریوں کا مکمل ریکارڈ طلب کیا تھا لیکن پولیس فاضل عدالت کو کوئی ریکارڈ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی تھی۔