شوٹر نے ریکارڈ بناتے ہوئے بیلا روس کو پہلا طلائی تمغہ جتوا دیا

جدید گن کے بجائے پرانے اسلحے پر انحصار کیا،وجے نے بھارت کو دوسرے میڈل کا حقداربنایا،ریگاٹا میں نیوزی لینڈکی حکمرانی


Sports Desk August 04, 2012
جدید گن کے بجائے پرانے اسلحے پر انحصار کیا،وجے نے بھارت کو دوسرے میڈل کا حقداربنایا،ریگاٹا میں نیوزی لینڈکی حکمرانی (فوٹو اے ایف پی)

KARACHI / ISLAMABAD: بیلاروسی شوٹر نے اولمپکس کا نیا ریکارڈ بناتے ہوئے اپنے ملک کیلیے پہلا طلائی تمغہ جیت لیا، انھوں نے جدید گن کے بجائے اپنے پرانے اسلحے پر ہی انحصار کیا، جمعے کوکیوبا نے بھی دوسونے کے تمغے اپنے نام کیے، میڈلز کی مجموعی دوڑ میں آخری اطلاعات موصول ہونے تک چین 20 طلائی، 12 چاندی اور 9 کانسی کے تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے، امریکا اب تک 18 گولڈ، 9 سلور اور 10 برانز میڈل اپنے نام کرپایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بیلاروسی ایئرفورس میں خدمات انجام دینے والے 44 سالہ شوٹر سرگئی مارٹنوف نے 50 میٹر پرون رائفل شوٹنگ میں705.5 اسکور کے ساتھ اختتام کیا، اس سے قبل اس کیٹیگری میں اولمپک ریکارڈ 704.8 اٹلانٹا گیمز میں جرمنی کے کرسٹیان کیلیز نے بنایا تھا، حیران کن طور پر انھوں نے گولڈ میڈل جیتنے کیلیے جدید گن کے بجائے اپنی پرانی بندوق پر ہی انحصار کیا اور وہ اپنے فیصلے پر بہت خوش ہیں۔

مینز 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل شوٹنگ ایونٹ میں کیوبا کے لیوریس پوپو نے اپنے ملک کیلیے پہلا سونے کا میڈل جیتا، بھارت کے وجے کمار دوسری پوزیشن کے ساتھ نقرئی کا تمغہ اپنے نام کرپائے۔ریگاٹا میں جمعے کونیوزی لینڈکی حکمرانی قائم رہی، جس نے چار ایونٹس میں سے دو میں طلائی تمغے اپنے نام کرلیے، مینز پیئرز میں نیوزی لینڈ کے ایرک مرے اور ہمیش بونڈ نے طلائی تمغہ جیت لیا، فرانس کے کشتی رانوں نے سلور میڈل پایا

جبکہ میزبان برطانیہ کے حصے میں کانسی کا تمغہ آیا۔مینز سنگلز اسکلز میں کیوی روور ماہی ڈریسڈل نے میدان مارلیا۔ویمنز ڈبلز اسکلز میں میزبان برطانیہ کی کیتھرین گرینگر اور اینا واٹکنسن نے گولڈ میڈل اپنے قبضے میں کیا، مینز کواڈرپل اسکلز جرمن کی ٹیم نے سنہری تمغے گلوں کی زینت بنائے،

بیجنگ اولمپکس کا چیمپئن کروشیا اس مرتبہ سلور میڈل جیت پایا۔بیڈمنٹن مکسڈ ڈبلز کے آل چائنا فائنل میں ٹاپ سیڈ ژانگ نان اور ژائو یونلائی نے ہموطن چین ژو اور ما جن کو 21-11،21-17 سے شکست دیدی،ڈنمارک کے جوشیم فشر اور کرسٹیانا پیڈرسن نے انڈونیشین پلیئرز تونتوائی احمد اور للیانا ناتصر کو 21-12 اور 21-12 سے مات دیکر برانز میڈل حاصل کیا۔مردوں کے تیر اندازی انفرادی مقابلے میں جنوبی کوریا کے او جن ہائیک نے سونے کا میڈل جیتا۔مینز 100کے جی جوڈو میں پانچ مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن ٹیڈی رینر نے اولمپک کا تاج اپنے سرپر سجالیا،

فائنل میں انھوں نے تین مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن روسی حریف الیگزینڈر میخائیلائن کوشکست دی۔ویمنز 78 کے جی میں کیوبا کیلیے دوسرا گولڈ میڈل ایڈالیس اورٹز نے حاصل کیا، انھوں نے جاپانی حریف ماکی سوگی موٹو کو زیر کیا۔ویٹ لفٹنگ میں قازقستان کی سویٹلانا نے طلائی تمغہ پایا، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں روس کی نٹالیا کو سخت مقابلے کے بعد مات دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں