شوگر امراض قلب جوڑوں کے درد کے مریض گوشت کم استعمال کریں طبی ماہرین

شہری قربانی کا جانورسٹرک پر ذبح نہ کریں، سٹرکوں پر موجود مختلف بیکٹیریا گوشت میں شامل ہوجاتے ہیں، پروفیسر زمان شیخ


Staff Reporter September 02, 2017
باربی کیو بناتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھاجائے کہ تکوں کواچھی طرح پکایا جائے ان پرخون نہ رہ جائے، معروف فزیشن۔ فوٹو: فائل

ماہرین صحت نے کہا ہے کہ عید قربان کے موقع پراحتیاط کے ساتھ گوشت ضرور کھائیں تاہم شوگر، بلڈ پریشر،جوڑوں کے درد (یورک ایسڈ) کے مرض میں مبتلا افراد کلیجی، گردے، دل ، مغزکھانے سے اجتناب کریں کیونکہ ان میں کولیسٹرول کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، قربانی کے گوشت کے تکے اچھی طرح پکاکر کھائیں جائیں ایسے باربی کیو جس میں خون لگا رہ جائے وہ ہرگزاستعمال نہ کریں۔

معروف فزیشن پروفیسر زمان شیخ کاکہنا تھا کہ عید قربان کے موقع پر ایسے افراد جو ذیابیطس ، بلند فشار خون ارو جوڑوں کے درد میں مبتلا ہیں انھیں گوشت کھانے میں احتیاط کرنی چاہیے گائے یا بڑے جانور کے گوشت میں کولیسٹرول کی مقدار (سفیدگوشت) کے مقابلے زیادہ ہوتی ہے جبکہ ایسے افراد کلیجی، گردے، مغز کھانے سے اجتناب کریں کیونکہ ان میں کولیسٹرول کی مقدار عام گوشت کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوتی ہے۔

پروفیسر زمان شیخ نے کہاکہ سائنسی تحقیق کے مطابق سرخ گوشت (ریڈ بیف) میں کولیسٹرول زیادہ ہوتا ہے اس لیے شوگر امراض قلب اور جوڑوں کے درد میں مبتلا افراد کو یہ گوشت کھانے سے اجتناب کرنا چاہیے، عید قربان پر جانورکوصاف جگہ پر ذبح کرنا چاہیے عام طورپر جانورون کو سڑکوں پر ذبح کرکے اس کا گوشت بھی سڑک پر بنایا جاتا ہے جوغلط ہے انھوں نے کہاکہ سڑک پر مختلف بیکٹریا موجود ہوتے ہیں جوگوشت میں شامل ہوجاتے ہیں۔لہٰذا جانورکوسڑک پر ذبح کرنے سے قبل سڑک کوصاف کیاجائے اور گوشت بھی صاف جگہ پر بنایا جائے اور گوشت کو اچھی طرح صاف کرکے پکایاجائے۔

معروف فزیشن نے کہاکہ باربی کیو بناتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھاجائے کہ تکوںکواچھی طرح پکایا جائے عام طورپر تکوں کے گوشت میں خون نظر آتا ہے جس کا استعمال صحت کے لیے مضر ہوسکتا ہے،گوشت کھاتے وقت گوشت پر خون نظر نہیں آنا چاہیے، بار بی کیو بنانے سے قبل اچھی طرح گوشت کو صاف کیاجائے،سڑکوں پر قربانی کے بعد سرک کو پانی سے دھونا چاہیے کیونکہ جانورکے جمع ہونے والے خون میں مختلف بیکٹریا کی نشوونما ہوتی ہے بیکٹیریا گوشت میں بہت تیزی سے پھیلتے ہیں لہٰذا گھروں میں جانوروں کی قربانی کے بعد فرش کو اچھی طرح دھونا چاہیے اورقربانی سے پہلے چھریوں کو بھی اچھی طرح صاف کرنا چاہیے۔