ڈاکٹر مشرف رسول پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر

اس سے قبل ڈاکٹر مشرف پاکستان میں پبلک سیکٹر میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر بھی کام کر چکے ہیں۔


Staff Reporter September 06, 2017
اس سے قبل ڈاکٹر مشرف پاکستان میں پبلک سیکٹر میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر بھی کام کر چکے ہیں۔ فوٹو: فائل

ڈاکٹر مشرف رسول سیان کو بطورچیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے تعینات کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر مشرف رسول پاکستان میں پبلک سیکٹریفارمز میں کام اور عملدرآمد کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے 2002 سے2005 کے دوران ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے تعاون سے جاری ڈی سینٹرلائزیشن پروگرام کو بطور سربراہ عملدرآمد کو یقینی بنایا۔

اس سے پہلے وہ پاکستان میں پبلک سیکٹر میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر بھی کام کر چکے ہیں۔ اپنی ڈاکٹریٹ مکمل کرنے کے بعد وہ امریکا سمیت مختلف ممالک میں کام کرچکے ہیں۔ انھوں نے ورلڈ بینک، ایشین ڈیولپمنٹ بینک، یونائیٹیڈ نیشنل ڈیولپمنٹ پروگرام یو ایس ایڈ اور مختلف بین الاقوامی اداروں کو تکنیکی معاونت بھی فراہم کی ہے۔

مشرف رسول پی آئی اے کارپوریشن کی دسمبر2016 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیلی کے بعد پہلے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں۔ پبلک سیکٹرانتظامی امور، سروس ریفارمز، پروجیکٹ منیجمنٹ اور اقتصادی ترقی میں 26 سال سے زائد کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ڈاکٹر مشرف رسول نے یونیورسٹی کالج لندن سے ڈیولپمنٹ منیجمنٹ میں ماسٹر ڈگری کے حصول کے بعد دنیا کی مشہورجارجیا اسٹیٹ یونیورسٹی سے اکنامکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

اپنے پروفیشنل کیریئر کے آغاز میں انھوں نے پاکستان سول سروس کا امتحان پہلی پوزیشن میں پاس کیا اور ان کو سول سروس اکیڈمی میں انتظامی کورسز میں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ وہ اپنے کیریئر کے دوران کئی سنگِ میل عبور کر چکے ہیں ۔ انھوں نے ایوی ایشن کے انتظامی امور میں فلوریڈا امریکا کی ایمبرے ریڈل یونیورسٹی سے تربیت بھی حاصل کی ہے۔