کراچی میں بم دھماکا فائرنگ اور ہنگامے10افراد ہلاک7گاڑیاں نذر آتش

سیکڑوں مسافر ایئرپورٹ پر محصور,پٹیل پاڑہ میں فائرنگ، لی مارکیٹ اور رنچھوڑ لائن میں مسلح تصادم ،بنارس میں دستی بم حملہ


Staff Reporter February 19, 2013
خاموش کالونی میں ہنگامہ آرائی کے دوران نذر آتش کی جانے والی گاڑی سے آگ کے شعلے بلند ہو رہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

شاہراہ فیصل پر گورا قبرستان کے قریب زوردار بم دھماکا ہوا،شہر کے مختلف علاقوں میں ہنگاموں کے دوران شرپسندوں نے 7 گاڑیاں نذر آتش کردیں، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے10افراد ہلاک اور خاتون سمیت17 زخمی ہوگئے۔

گورا قبرستان ایف ٹی سی فلائی اوور کے نیچے نصب کیا جانے والا بم خوفناک دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز میلوں دور تک سنائی دی ، دھماکے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ، بنارس میں نامعلوم ملزمان خالی گھر کے دروازے پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے ۔ گورا قبرستان ایف ٹی سی فلائی اوور کے نیچے دھماکے سے قریب واقع عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے رہائشی علاقوں کے مکین خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے ۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر کسی دوسرے بم دھماکے کے پیش نظر وہاں پر موجود افراد کو فوری طور پر وہاں سے ہٹایا ۔

دھماکے کی آواز سن کر صدر پولیس لائن میں رہائش پذیر ایس ایس پی سی آئی ڈی راجہ عمر خطاب اور سی آئی ڈی انویسٹی گیشن سول لائن کے ایس پی مظہر مشوانی بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوع کا معائنہ کر کے شواہد جمع کیے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی پہنچ گیا جس نے تحقیقات کے بعد بتایا کہ دہشت گردوں کی جانب سے نصب کیے جانے والا بم کار کی بیٹری میں بنایا تھا جس میں ڈھائی سے3 کلو ہائی ایکسپلوزیو بارودی مواد اور دھات کے ٹکڑے استعمال کیے گئے تھے دھماکا کرنے کے لیے ٹائمر ڈیوائس استعمال کی گئی۔

راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ دہشت گردوں نے شارع فیصل پر لگے ہوئے کلوز سرکٹ کیمروں سے بچنے کے لیے اندھیرے اور فلائی اوور کے نیچے کی جگہ کا انتخاب کیا دہشت گرد ایسے مقامات کو ترجیح دیتے ہیں جہاں پر پہلے سے ملبہ پڑا ہو ، انھوں نے بتایا کہ دھماکے سے جائے وقوع پر 2 فٹ گہرا اور 4 فٹ چوڑا گڑھا پڑگیا،سیوریج لائن کو بھی نقصان پہنچا۔ پیر آباد کے علاقے بنارس قصبہ کالونی میں عوامی نیشنل پارٹی کے عہدیدار غلام حسین کے گھر پر نامعلوم ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے پھٹنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا پولیس کا کہنا ہے کہ گھر بند تھا دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث شہر میں خوف کا عالم چھایا رہا شہریوں نے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی، ہنگامے کے دوران ایئرپورٹ اور اطراف کا علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا، متعدد مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، دوسری جانب ٹرانسپورٹ اتحاد کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اگر حالات بہتر ہوئے تو ہی آج (منگل) گاڑیاں سڑکوں پر چلائیں گے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں شرپسندوں نے ہنگامہ کیا۔

ایئرپورٹ، اسٹار گیٹ، اولڈ ایئرپورٹ، ناتھا خان پل پر نامعلوم افراد نے شدید فائرنگ کی جس پر اضافی نفری طلب کی گئی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے ہوائی فائرنگ کی، نامعلوم افراد اولڈ ایئرپورٹ کی جانب گھس گئے اور ایک کار M-5033 نذر آتش کردی، ناتھا خان پل پر2 ٹرک رجسٹریشن نمبر LSA-6242 اور JT-0020 کو آگ لگادی گئی، ہنگامے کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا اور پولیس اور نامعلوم افراد کی ہوائی فائرنگ کے باعث علاقہ گونج اٹھا، اندرون و بیرون ملک سے آنیوالے سیکڑوں مسافر ایئرپورٹ پر ہی پھنسے رہے بیرون ملک جانے والے سیکڑوں شہری ایئرپورٹ نہ پہنچ سکے۔ ملیر، ملیر پندرہ، جعفر طیار سوسائٹی اور ماڈل کالونی میں بھی صورتحال کم و بیش یہی رہی، سعود آباد میں نامعلوم افراد نے سوزوکی KF-3527 نذر آتش کردی، علاوہ ازیں گل بہار کے علاقے خاموش کالونی میں نامعلوم افراد نے ایک ہائی ایس اور ایک کوسٹر رجسٹریشن نمبر CE-6604 اور CE-5178 کو آگ لگادی، فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔



صفورا چورنگی پر شرپسندوں نے ڈبل روٹی کی سپلائی وین جلاڈالی، گلستان جوہر، جوہر موڑ، گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، صفورا چورنگی، سچل، عباس ٹائون، انچولی، واٹر پمپ، عائشہ منزل، گولیمار، رضویہ سوسائٹی، فائیو اسٹار چورنگی، ناگن چورنگی، گل بہار، لسبیلہ، ایم اے جناح روڈ، نمائش چورنگی، ایف ٹی سی فلائی اوور، شارع قائدین اور دیگر علاقوں میں بھی صورتحال کشیدہ رہی۔ پٹیل پاڑہ پر نامعلوم افراد نے پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں ہوٹل پر فائرنگ کردی جس کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی، فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، اس دوران نامعلوم افراد نے 2 موٹر سائیکلیں نذر آتش کردیں اور سڑک پر ٹائر جلا کر آمد ورفت بند کردی۔

جمشید کوارٹرز کے علاقے گرومندر چوک کے قریب نامعلوم افراد کیہوٹل پر اندھادھند فائرنگ سے 35 سالہ عبدالرحیم ولد حاجی عبدالوحید، 38 سالہ شاہ ورام ولد فاروق اور عمران عرف راجو ہلاک ہوگئے، اطلاعات کے مطابق واقعے کے وقت پولیس و رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی، اس دوران نامعلوم افراد نے ایس ایچ او جمشید کوارٹرز عنایت اللہ مروت کی موبائل پر حملہ کردیا جس کے نتیجے عنایت اللہ، سب انسپکٹر رانا اسلم، ہیڈ کانسٹیبل عارف اور واجد زخمی ہوگئے، پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی ، پولیس اور مظاہرین کے درمیان فائرنگ سے پورا علاقہ گونج اٹھا اور شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایس ایچ او جمشید کوارٹرز عنایت اللہ مروت نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا شاہ ورام شاہ پختون ایکشن کمیٹی کا رکن تھا۔

اہلسنت و الجماعت کے ترجمان مولانا اکبر سعید فاروقی کے مطابق مقتولین ان کی جماعت کے کارکن تھے، واقعے کے بعد رات گئے تک علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ تھی۔ سرجانی ٹائون کے علاقے خدا کی بستی میں نامعلوم افراد کی دکان پر فائرنگ سے 40 سالہ فیاض شاہ ولد غلام حسین ہلاک ہوگیا، مقتول اسٹیٹ ایجنٹ تھا، مقتول کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا، پولیس نے لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔ اہلسنت و الجماعت کے ترجمان مولانا اکبر سعید فاروقی کے مطابق مقتول ان کی جماعت کا کارکن تھا۔ سرجانی ٹائون کے علاقے ناردرن بائی پاس پر زیرو پوائنٹ کے قریب سے 2 افراد کی لاشیں جھاڑیوں سے ملیں جنھیں تشدد کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا، علاقہ ایس ایچ او اعجاز راجپر نے بتایا کہ مقتولین کی شناخت 35 سالہ اختر علی ولد احمد بلوچ اور 28 سالہ مقبول ولد نعمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں بلوچ تھے اور ان کا تعلق تربت سے تھا دونوں مسنگ پرسن تھے۔ بلدیہ ٹائون کے علاقے سعید آباد میں موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 35 سالہ محمد رفیق ولد محمد صدیق ہلاک ہوگیا۔ اولڈ سٹی ایریا کے علاقے عثمان آباد، گھاس منڈی، لی مارکیٹ اور رنچھوڑ لائن میں 2گروپوں کے درمیان مسلح تصادم ہوگیا دونوں جانب سے آزادانہ طور پر جدید اسلحے سے فائرنگ کی گئی جس سے شدید خوف و ہراس پھیل گیااور علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔

کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے حسینی چوک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 45 سالہ ملک افضل ہلاک ، فائرنگ سے پولیس اہلکار 35 سالہ شوکت ، 45 سالہ فرید ، 25 سالہ دلشاد احمد اور 30 سالہ عبدالصمد زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی موبائل فون کی دکان ہے اور وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ دکان کے قریب بیٹھا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا جبکہ دیگر افراد زد میں آکر زخمی ہوگئے ، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ شیر شاہ کے علاقے پنکھا ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 12 سالہ ساجد علی اور 40 سالہ فضل تاج زخمی ہوگئے۔عائشہ منزل کے قریب دکانیں بند کرانے کے دوران فائرنگ سے 45 سالہ گلزار زخمی ہوگیا۔

لیاقت آباد کے علاقے ایس ایم توفیق روڈ پر واقع پٹرول پمپ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سیکیورٹی گارڈ سے ریپیٹر اور کیشیئر سے نقدی چھین لی اس دوران ملزمان نے فائرنگ کر کے ارشد نامی شخص کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ دریں اثنا لیاقت آباد کے علاقے لیاری ایکسپریس وے کے نیچے سے بوری میں بند لاش ملی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت 22 سالہ فرقان کے نام سے ہوئی جسے نامعلوم ملزمان نے 2 گھنٹے قبل اغوا کر کے اسی کے موبائل فونکے ذریعے اہلخانہ سے رابطہ کر کے ڈیڑھ لاکھ روپے تاوان طلب کیااور تاوان کی ادائیگی کے باوجود ملزمان نے فرقان کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور لاش بوری میں بند کر کے چلتی ہوئی کار سے پھینک کر فرار ہوگئے ، مقتول بندھانی کالونی لیاقت آباد کا رہائشی تھا۔

علاوہ ازیں چند روز قبل پاک کالونی کے علاقے ریکسر لائن میں دولہا کی کار پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے محمد معیز نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ، مقتول فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے دولہا عبدالماجد بلوچ کا بھانجا اور پرنس ایونیو گارڈن ایسٹ کا رہائشی تھا۔اولڈ سٹی ایریا میں فائرنگ سے 25 سالہ راشد ولد صغیر زخمی ہوگیا، گھاس منڈی پر زوہیب ولد مختار زخمی ہوگیا، پیرآباد کے علاقے قصبہ کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 26 سالہ ثانیہ زوجہ شیر خان زخمی ہوگئی، اورنگی ٹائون کے علاقے بخاری کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 28 سالہ عادل ولد زاہد اور 30 سالہ امان اللہ ولد محمد اسماعیل زخمی ہو گئے، زخمی عادل کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ فائرنگ سے پہلوان گوٹھ میں انیس نامی نوجوان، نمائش چورنگی پر فائرنگ سے ایک نوجوان اسد، گولیمار چورنگی پر محمد وقار، کورنگی عوامی کالونی میں فائرنگ سے شاہنواز زخمی ہوگیا۔ علاوہ ازیں گلستان جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ میںایدھی ایمبولینس پر فائرنگ اور پتھرائو کیا گیا جس سے ایمبولینس کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ مقتولین کی لاشیں اور زخمیوں کو سول، جناح اور عباسی شہید اسپتال لایا گیا۔