شمالی کوریا کا جوہری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان

امریکا سخت پابندیاں عائد کر کے ہمیں ڈرا نہیں سکتا، حملہ کیاتونتائج کاذمے دارخودہوگا،شمالی کورین وزیر خارجہ


News Agencies September 09, 2017
میکسیکو نے شمالی کورین سفیر کو ملک بدر کر دیا، برطانیہ نے کورین ورکرز کو نکالنے کے اقدام کی حمایت کر دی۔ فوٹو : فائل

لاہور: شمالی کوریا نے کہاہے کہ عالمی برادری کی جانب سے اضافی پابندیوں کے باوجود اپنے جوہری پروگرام کو جاری رکھیں گے۔

شمالی کورین وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ امریکا اگر یہ سمجھتاہے کہ وہ سخت پابندیاں عائدکرکے ہمیں ڈرا دیگا تو وہ غلطی پر ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکا نے مزید پابندیاں عائد کیں یا حملہ کیا تو نتائج کا ذمے دار وہ خود ہو گا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا ہے کہ امریکا جلد ہی شمالی کوریا کے خلاف اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک نئی قرارداد تیار کرنے اور اس پر رائے شماری کروانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

علاوہ ازیں جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے جبکہ شمالی کوریا کی طرف سے آج یا کل ایک میزائل تجربے کا امکان ہے، میکسیکو نے شمالی کوریا کے سفیر کو ملک بدر کردیاہے جب کہ برطانیہ نے بھی نئی پابندیوں کے تناظر میں شمالی کوریا کے ورکرز کو یورپی یونین سے بیدخل کرنے کے اقدام کی حمایت کر دی ہے۔

مقبول خبریں