اناہزارے نے بھوک ہڑتال ختم کردی ساتھیوں کا سیاست میں آنے کا اعلان

خود الیکشن نہیں لڑوں گا، عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلیے پورے ملک کا دورہ کروں گا ، اناہزارے


AFP August 04, 2012
خود الیکشن نہیں لڑوں گا، عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلیے پورے ملک کا دورہ کروں گا ، اناہزارے . اے ایف پی

بھارت میں بدعنوانی کے خلاف سرگرم سماجی کارکن انا ہزارے نے بھوک ہڑتال ختم کر دی ۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں بدعنوانی کے خلاف سرگرم سماجی کارکن انا ہزارے نے بڑے پیمانے پر عوامی حمایت نہ ملنے پر جمعہ کو چھ روز سے جاری بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ۔

75سالہ اناہزارے نے یہ اعلان نئی دہلی میں اپنے حامیوں سے اس احتجاجی مرکز پر خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں انہوں نے گزشتہ اتوار کو اپنی بھوک ہڑتال شروع کی تھی ۔ انہوں نے بھارت میں 2014ء میں مجوزہ انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے سیاست کے میدان میں بھی قدم رکھنے کا عندیہ دیا ۔ اناہزارے نے اپنے حامیوں سے کہا کہ بھوک ہڑتالوں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے انتخابات سے پہلے ملک بھر میں عوام کے پاس جانا ہو گا ۔ اناہزارے نے کہا کہ وہ خود کسی سیٹ پر الیکشن نہیں لڑیں گے بلکہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے پورے ملک کا دورہ کریں گے ۔

قبل ازیں بالی وڈ کے مشہور اداکار انوپم کھیر نے اناہزارے سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی ۔ ہڑتالی کیمپ میں اناہزارے سے ملاقات کے بعد بات چیت کرتے ہوئے انوپم کھیر نے کہا کہ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ملک کو اناہزارے کی ضرورت ہے ۔ اے ایف پی کے مطابق اناہزارے کے ساتھیوں کا کہنا تھا کہ وہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے سیاسی تحریک چلائیں گے ۔

اناہزارے کے ساتھی کارکن اروند کیجری وال نے کہا کہ یہ کوئی سیاسی جماعت نہیں ہو گی بلکہ سڑکوں سے پارلیمنٹ تک تحریک ہو گی ۔ اس کی کوئی ہائی کمان نہیں ہوگی بلکہ لوگ امیدواروں کا چنائو کریں گے اور اس کیلئے فنڈنگ کریں گے ۔ سابق بھارتی آرمی چیف وی کے سنگھ نے بھی جمعہ کو ریلی میں شرکت کی اور اناہزارے کیلئے اپنی حمایت کا سگنل دیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں