محکمہ موسمیات کے قریب پلاٹ سے 6 سالہ بچی کی لاش ملی

اسلام آباد سے گلزار ہجری نانی کے گھر آئی تھی، بیٹی تین روز سے لاپتہ تھی ، والد


Staff Reporter February 23, 2013
مقتولہ کو اس کے ورثا نے کپڑوں کی مدد سے شناخت کیا۔ فوٹو: فائل

مبینہ ٹائون کے علاقے محکمہ موسمیات کے قریب خالی پلاٹ سے بچی کی لاش ملی۔

بچی اسلام آباد سے کراچی نانی کے گھر آئی تھی اور 3 روز سے لاپتہ تھی ، تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹائون کے علاقے محکمہ موسمیات کے قریب خالی پلاٹ سے 6 سالہ بچی کی لاش ملی ، ملزمان نے بچی کا گلا گھونٹا اور شناخت مٹانے کی غرض سے چہرے پر تیزاب بھی پھینک دیا ، مقتولہ کی شناخت وانیہ بنت عابد حسین کے نام سے ہوئی ، مقتولہ کے والد عابد حسین نے ایکسپریس کو بتایا کہ وہ اسلام آباد کے رہائشی ہیں۔

3

ان کی اہلیہ اپنے بچوں سمیت چند روز قبل اسلام آباد سے کراچی اپنے میکے واقع گلزار ہجری سکندر گوٹھ آئی ہوئی تھی ، 19 فروری کی شام وانیہ گھر سے نکلی تھی جس کے بعد وہ واپس نہیں آئی ، اسے ہر ممکن مقام پر تلاش کیا گیا لیکن کوئی سراغ نہیں مل سکا ، بالآخر سچل تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرادی گئی ، پولیس نے بھی وانیہ کو ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن وہ کہیں نہ مل سکی۔

جمعہ کو محکمہ موسمیات کے قریب خالی پلاٹ سے بچی کی لاش ملنے کی اطلاع ملی جس پر اہل خانہ اسپتال پہنچے اور وانیہ کو کپڑوں ، چوڑیوں اور ہاتھ پر پیدائشی نشانی دیکھ کر شناخت کیا ، ملزمان نے چہرے پر تیزاب پھینک دیا تھا جس سے وہ شناخت کے قابل نہیں رہی تھی ، وانیہ کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ، اس سلسلے میں ایس ایچ او مبینہ ٹائون اختر نواز نے بتایا کہ مبینہ ٹائون تھانے کی حدود محکمہ موسمیات کے قریب خال پلاٹ سے بچی کی لاش ملی تھی جسے ملزمان نے چہرے پر تیزاب پھینک کر ہلاک کیا ، مقتولہ کو اس کے ورثا نے کپڑوں کی مدد سے شناخت کیا۔