اہلسنّت والجماعت کے تحت درجن سے زائد مقامات پردھرنے

انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی پراحتجاجی دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا گیا.


Staff Reporter February 23, 2013
اہلسنّت و الجماعت کے کارکن ٹارگٹ کلنگ اور گرفتاریوں کے خلاف ناگن چورنگی پر دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

اہلسنت و الجماعت کے تحت کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ اور زیادتیوں کیخلاف جمعہ کو شہر کے ایک درجن سے زائد مقامات پر احتجاجی دھرنے دیے گئے جن سے خطاب کرتے ہوئے اہلسنت و الجماعت کے رہنمائوں نے کہا کہ اہلسنت عوام کو بدترین ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اہلسنت و الجماعت کے تحت مسجد صدیق اکبر ناگن چورنگی، غنی چورنگی، لسبیلہ، کیماڑی، نیشنل ہائی وے، قائدآباد، منزل پمپ، قیوم آباد، دائود چورنگی، سائٹ ایریا، آئی سی آئی پل و دیگر علاقوں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی دھرنے دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا، ناگن چورنگی پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اہلسنت و الجماعت ایک پرامن جماعت ہے، اگر عوام اہلسنت کی ٹارگٹ کلنگ بند نہ ہوئی تو کارکنان کو کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا۔

1

مولانا اکبرسعید فاروقی نے کہا ہے کہ سال 2012 میں ساڑھے تین سو کارکنان کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا جبکہ اس سال درجنوں کارکنان کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھایا جاچکا ہے، دہشت گردوں نے آج بھی دو کارکنان مولانا دلفراز اور ابوبکر کو سائٹ جبکہ ایک کارکن نوید کو گلبہار میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے،دریں اثناء اہلسنت و الجماعت کی جانب سے رات گیارہ بجے احتجاجی دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا، اہلسنت و الجماعت کے ترجمان کے مطابق انتظامیہ نے ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کیلیے ایک ہفتے کی مہلت مانگی ہے۔