ساتویں نمبر پر بوم بوم کیسے دھوم مچائے آفریدی کا سوال

کسی کے کہنے پر کرکٹ نہیں چھوڑ سکتا، جب تک لوگ چاہیں گے کھیلتا رہوں گا۔


Sports Reporter February 23, 2013
کسی کے کہنے پر کرکٹ نہیں چھوڑ سکتا، جب تک لوگ چاہیں گے کھیلتا رہوں گا۔ فوٹو : فائل

آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کو خارج ازامکان قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جب تک فٹ ہوں کھیلتا رہوں گا، انھوں نے میڈیا سے سوال کیا کہ ساتویں نمبر پر بوم بوم کیسے دھوم مچائے گا۔گذشتہ شب لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ساتویں نمبر پر آ کر بوم بوم والی کارکردگی نہیں دکھا سکتا،اپنی بولنگ اور بیٹنگ پر سخت محنت کر رہا ہوں، تمام تر توجہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز پر مرکوز ہے،ون ڈے کرکٹ میں کامیاب واپسی کر کے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کر دکھاؤں گا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم خطرناک حریف ہے تاہم میں چیلنجز کو پسند کرتا ہوں، کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کروں۔

انھوں نے کہا کہ میں کسی کے کہنے پر کرکٹ نہیں چھوڑ سکتا، جب تک لوگ چاہیں گے کھیلتا رہوں گا۔ یاد رہے کہ ماضی قریب میں عمدہ پرفارم نہ کرنے کی وجہ سے آل راؤنڈر پر ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا دباؤ تھا لیکن پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے انہیں پروٹیز کیخلاف ٹوئنٹی 20 کے ساتھ ون ڈے اسکواڈ کا بھی حصہ بنایا ہے، چیف سلیکٹر نے آفریدی کو تنبیہ بھی کی کہ پرفارم نہ کرنے کی صورت میں یہ ان کی آخری سیریز ہوگی، اس حوالے سے آفریدی کا کہنا ہے کہ جب تک فٹ ہوں کھیلتا رہوں گا، وقت آنے پر خود کرکٹ کو خیر باد کہہ دونگا۔



سابق کپتان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کی ٹیم کا حصہ بننے پر بہت خوش اور سلیکشن کمیٹی کا شکر گذار ہوں جس نے مجھے ملک وقوم کی خدمت کرنے کا دوبارہ موقع فراہم کیا ہے، آفریدی ایک منفرد اعزاز کے قریب ہیں، انھیں ون ڈے کرکٹ میں چھکوں کی ٹرپل سنچری مکمل کرنے کیلئے دو چھکوں کی ضرورت ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں یہ سنگ میل عبور کر لینگے۔

ایک سوال پر آفریدی نے کہا کہ تیسرے ٹیسٹ میں مصباح الیون سے مثبت نتائج کی امید ہے،جنوبی افریقہ کی وکٹوں پر کھیلنا آسان نہیں ہوتا تاہم میزبان سائیڈ کیخلاف ایک روزہ اور ٹوئنٹی 20 سیریز اچھی ہوگی، دورے کے دوران بولنگ میرے لیے چیلنج ہوگی، کوشش کروں گا کہ اپنے پرستاروں کو اپنی پرفارمنس سے خوش کردوں۔