فاٹاکے 2ارکان قومی اسمبلی کی پیپلزپارٹی میں شمولیت

جوادحسین اورساجد حسین توری نے وزیراعظم سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا


Numainda Express February 23, 2013
جوادحسین اورساجد حسین توری نے وزیراعظم سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا. فوٹو: فائل

فاٹا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی جواد حسین اورساجد حسین توری نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

دونوں ارکان اسمبلی نے وزیراعظم راجا پرویزاشرف سے ملاقات کی اور پیپلزپارٹی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امورسید خورشیداحمد شاہ اور پیپلزپارٹی صوبہ خیبرپختونخوا کے صدر انورسیف اللہ خان بھی موجود تھے۔دونوں ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور بالخصوص فاٹا میں حالات کودیکھتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔

3

پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس نے فاٹا کے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔فاٹا میں دور رس اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں۔وزیراعظم نے ان کی شمولیت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کی مفاہمتی پالیسی کا یہ نتیجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے اہم قومی ایشوزکومشاورت کے بعد حل کیاہے۔لوگوں نے پیپلزپارٹی کی حکومت کی کارکردگی پراطمینان کا اظہارکیا ہے۔ دونوں رہنمائوں کی شمولیت سے فاٹا میں پیپلزپارٹی مضبوط ہوگی۔