جیلوں کی سیکیورٹی کیلیے ٹھوس اقدمات کیے جائینگے کمشنر

جیل روڈ فلائی اوور کے نیچے رینجرز اور پولیس کی چوکی کے قیام کی بھی ہدایت


Staff Reporter August 05, 2012
جیل روڈ فلائی اوور کے نیچے رینجرز اور پولیس کی چوکی کے قیام کی بھی ہدایت۔ فائل فوٹو

کمشنرروشن علی شیخ نے کہا ہے کہ ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظرجیلوںکی سیکیورٹی کے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کیے جائینگے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جیلوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے کراچی سینٹرل جیل میں منعقدہ ہنگامی اجلاس کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات سندھ غلام قادر تھیبو اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ سمیع الدین صدیقی کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ، اجلاس میں دہشت گردوں کی جانب سے جیلوں میں تخریب کاری اور دہشت گردی کی اطلاعات اور جیلوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ، اس موقع پر جیل میں موجود قیدیوں اور پولیس افسران واہلکاروں کی حفاظت اور ممکنہ دہشت گردی سے بچاؤ کیلیے حکمت عملی پر غور کیا گیا ، روشن علی شیخ نے اس موقع پر کہا کہ پولیس ، رینجرز اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی جانب سے جیل کی سیکیورٹی کیلیے باہمی حکمت عملی کے تحت مرتب کیے گئے مؤثر اور مربوط پلان پر مکمل عمل کریں۔

آئی جیل خانہ جات نے جیل کی سیکیورٹی کے حوالے سے کمشنر کراچی کو تفصیلات سے آگاہ کیا ، اجلاس کے بعد کمشنر روشن علی شیخ نے آئی جی جیل اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور دیگر افسران کے ہمراہ جیل کے باہر چاروں اطراف کا تفصیلی دورہ کیا اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا،کمشنر کراچی نے اس موقع پر جیل کے ساتھ جیل روڈ فلائی اوور کے نیچے رینجر اور پولیس کی چوکی کے قیام کی بھی ہدایت کی ۔