پولیس کا مختلف علاقوں میں نیبرہڈواچ پروگرام متعارف کرنے کا فیصلہ

پروگرام سے شہریوں کو جرائم پیشہ عناصر کے خوف سے نکالنے اورمعاشرے کو جرائم سے پاک کرنے میں مدد مل سکتی ہے،آئی جی سندھ


Staff Reporter August 05, 2012
پروگرام سے شہریوں کو جرائم پیشہ عناصر کے خوف سے نکالنے اورمعاشرے کو جرائم سے پاک کرنے میں مدد مل سکتی ہے،آئی جی سندھ ۔ فوٹو ایکسپریس

سندھ پولیس نے شہر کے مختلف رہائشی و کاروباری علاقوں میں نیبر ہڈ واچ پروگرام متعارف کرنیکا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد پولیس اور کمیونٹی کے مابین روابط کے تحت نگرانی کے عمل کو ٹھوس بنانا ، کمیونٹی کی مدد اور معاونت سے مشکوک عناصر اور ان کی سرگرمیوں سے پولیس کو بروقت باخبر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کے جملہ امور کو مزید بہتر کرنا ہے۔

آئی جی سندھ فیاض لغاری نے سینٹرل پولیس آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کے دوران ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ایسٹ و ویسٹ زون کے ڈی آئی جیز کو مذکورہ پروگرام متعارف کرنے کے فیصلے پر عمل در آمد کے ضمن میں جملہ امور پر مشتمل حکمت عملی مرتب کرنے کے احکامات دیے، انھوں نے اجلاس کے دوران کہا کہ کمیونٹی کی شمولیت اور تعاون سے جرائم پر کنٹرول اور کمی لانا ہی در اصل مذکورہ پروگرام کی بنیاد ہے ،اس پروگرام سے شہریوں کو جرائم پیشہ عناصر کے خوف سے نکالنے اور معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور لوگ بلا کسی خوف و خطر پولیس کی تمام تر توجہ جرائم اور جرائم پیشہ عناصر اور خود کو لاحق دیگر مسائل و پریشانیوں کی جانب مبذول کراسکیں گے۔

علاوہ ازیں اس پروگرام کی بدولت جرائم میں اضافے کا سبب بننے والے سماجی ایشوز اور معاملات سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی انھوں نے کہا کہ نیبر ہڈ واچ پروگرام سے ایک جانب قانون کی رٹ کو قائم کرنے اور اس پر عمل داری میں مدد ملے گی تو دوسری جانب یہی پروگرام عوام کے ذہنوں سے پولیس اور تھانوں کے خوف کو ختم کرنے کا بھی سبب بنے گا ، آئی جی سندھ نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ ایک فلسفہ ہے جس سے مل جل کر کام کرنیکی حکمت عملی کو فروغ ملتا ہے اور بعد ازاں یہی باہمی تعاون جرائم کے خوف معاشرتی ناہمواریوں اور جرائم جیسے مسائل سے نکالنے میں مددگار اور معاون ثابت ہوتا ہے۔