مصر دریائے نیل کے کنارے فضائی غبارے میں آگ لگنے سے 19 سیاح ہلاک

واقعے کے بعد غباروں کی پرواز پر پابندی عائد ، تحقیقات کا حکم دیدیاگیا.


AFP February 27, 2013
الاقصر میں فضائی غبارے کے حادثے کی جگہ پر مصری حکام تباہ شدہ اشیا کا جائزہ لے رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

مصر کے شہرالاقصر (Luxor) میں منگل کوفضائی غبارے کے حادثے میں 19 سیاح ہلاک ہوگئے۔

خوفناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب سیاحوں سے بھرے گرم ہوا کے غبارے میں آگ بھڑک اٹھی جسکے نتیجے میں اس میں سوار19 افراد جان سے گئے،2 خوش قسمت افراد کو بچا لیا گیا جن میں غبارے کا پائلٹ بھی شامل ہے۔ حکام اور غبارے آپریٹ کرنیوالی کمپنی کے ترجمان کے مطابق الاقصر شہرکے مغرب میں گرم ہوا کا غبارہ فضا میں بلند ہوا تواچانک اسکے گیس سلینڈر میں دھماکا ہوگیا اورآگ لگ گئی، اس وقت غبارہ ایک ہزارفٹ کی بلندی پر تھا۔ جبکہ مرنے والوں میں ہانگ کانگ، جاپان، برطانیہ، فرانس اور ہنگری کے سیاح شامل ہیں۔حادثے کے بعد غبارے کی باقیات اور مرنے والوں کی لاشیں کھیتوں میں گرگئیں جن کی تلاش کیلیے سیکیورٹی حکام نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔

7

فرانسیسی وزارت خارجہ اور برطانوی ٹورسٹ کمپنی نے اپنے ملک کے2,2 سیاحوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ واقعے کے بعد الاقصر کے گورنر نے شہر میں گرم ہوا کے غباروں کی پرواز پر پابندی لگادی ہے اور تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے۔آئی این پی کے مطابق غبارے میں امریکی سیاح بھی سوارتھے۔ واضح رہے کہ الاقصردریائے نیل کے کنارے واقع شہر ہے، یہ علاقہ فرعونی دور کی یادگاروں کے حوالے سے بہت مشہورہے اور سیاح خصوصی طورپر یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ اپریل 2009 میں بھی الاقصر شہر میں ہی اسی طرح کے ایک حادثے میں 2 برطانوی خواتین سمیت 16 افراد زخمی ہو گئے تھے۔