سول اسپتال میں نرس کار چلاتے ہوئے حرکت قلب بند ہونے سے جاں بحق

گاڑی دیوار سے ٹکرا گئی، زد میں آ کر 2 افراد زخمی، شمیم کا آبائی تعلق اٹک سے تھا


Staff Reporter October 17, 2017
 ٹریفک حادثات اور واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ فوٹو: فائل

LOWER KURRAM AGENCY: سول اسپتال کے اندر نرس گاڑی چلاتے ہوئے حرکت قلب بند ہونے سے جاں بحق ہو گئی جبکہ گاڑی دیوار سے ٹکرا گئی اور اس کی زد میں آکر 2 افراد زخمی ہوگئے۔

سول اسپتال میں پیر کی صبح سول اسپتال کے اندر کار کے حادثے میں آپریشن تھیٹر کی سینئر نرس شمیم اختر جاں بحق ہوگئیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سول اسپتال کی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی، اس حوالے سے عیدگاہ تھانے کے انٹیلی جنس افسر عرب نے بتایا کہ 57 سالہ شمیم اختر اپنی کار نمبر ATC-024 صبح تقریباً نو بجے کے قریب سول اسپتال کے اندر ہڈی وارڈ کے قریب پہنچیں تھیں کہ اچانک ان سے گاڑی بے قابو ہو کر مسجد کے قریب دیوار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2افراد گاڑی کی زد میں آکر زخمی ہوئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی خاتون نرس کو فوری طبی امداد کے لیے دینے کی کوشش کی گئی تاہم وہ اس سے قبل جاں بحق ہوگئی تھیں۔

پولیس افسر نے بتایا کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شمیم اختر دوران ڈرائیونگ دل کا دورہ پڑا تھا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا جبکہ زخمی ہونے والوں میں ابرار اور قاسم شامل ہیں جنھیں طبی امداد فراہم کی گئی انھوں نے بتایا کہ ایک خاتون کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع ملی تھی تاہم وہ مرہم پٹی کرانے کے بعد اسپتال سے چلی گئی۔

پولیس افسر کے مطابق شمیم اختر صدر ایمپریس مارکیٹ کے قریب واقع البرہان سینٹر میں رہائشی پذیر تھیں جن کی میت ان کے بھتیجے ذاکر کے حوالے کر دی گئی جبکہ ان کا آبائی تعلق اٹک سے تھا،مواچھ گوٹھ کے علاقے 2 نمبر سچل کالونی میں گھر کے اندر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 35سالہ عائشہ کو کرنٹ لگ گیا جسے اہلخانہ فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال لائے جہاں ڈاکٹروں نے معانئے کے بعد خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کر دی بعدازاں ورثا لاش بغیر پولیس کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے۔

ادھر کلری کے علاقے ماڑی پور نیول فلیٹس کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لائی گئی جہاں اس کی شناخت 28 سالہ راشد حسین کے نام سے ہوئی جو کہ گوادر کا رہائشی بتایا جاتا ہے جو کسی کام سے کراچی آیا ہوا تھا ، پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

علاوہ ازیں حب ریور روڈ بلدیہ یوسف گوٹھ کے قریب تیز رفتار رکشا ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں 50 سالہ نجمہ ، 28 سالہ ساجد ، 25 سالہ شیر محمد اور 18 سالہ خالد زخمی ہوگیا جنھیں فوری طبی امداد کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال لیجایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے جب کہ نیٹی جیٹی پل کے قریب سڑک پر پھسلن کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار 30 سالہ اقبال اور 32 سالہ امتیاز زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا۔