ہاکی پریکٹس میچ کلر ٹیم نے گرین کو 2 5 سے ہرادیا

کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے خامیاں دور کی گئیں


Sports Reporter March 02, 2013
کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے خامیاں دور کی گئیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کیلیے تربیتی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کے مابین پریکٹس میچ میں کلر ٹیم نے گرین کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے ہرادیا۔

چیف کوچ اختر رسول نے دیگر معاون اسٹاف کے ہمراہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے بعد ازاں تکنیکی خامیاں دور کرنے کیلیے مفید مشورے بھی دیئے۔ تفصیلات کے مطابق اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی میچ پریکٹس باہمی مقابلوں کے ذریعے کروائی گئی۔



اس سلسلے کا آخری میچ گزشتہ روز کھیلا گیا، کاشف علی کی قیادت میں کھیلنے والی کلر ٹیم نے زیادہ بہتر تال میل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہاف میں 4-2 کی برتری حاصل کی، دوسرے ہاف میں کاشف شاہ الیون کی کپتانی میں گرین ٹیم نے بھی بہتر کھیل پیش کیا تاہم حریف سائیڈ کو مزید ایک گول داغنے سے نہ روک سکی۔ چیف کوچ اختر رسول نے بتایا کہ کھلاڑیوں کا اسٹیمنا چیک کرنے کیلیے ہر میچ کا ایک ہاف 35 کے بجائے 40 منٹ کا رکھا گیا تھا۔

ٹیم کمبی نیشن میں سامنے آنے والی تکنیکی خامیاں نوٹ کرتے ہوئے ہر پلیئر کو مشورے دیے ہیں، امید ہے کہ اذلان شاہ کپ میں کھیلتے ہوئے انھیں زیادہ دشواری نہیں ہوگی۔