کلارک نے آسٹریلیا کی مکمل تباہی کے سامنے بند باندھ دیا

91 رنز بنائے، اننگز 237 رنز 9 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ، بھونیشور اور جڈیجا کی 3، 3 وکٹیں


Sports Desk March 03, 2013
حیدرآباد ٹیسٹ : بھارتی اسپنر جڈیجا کی گیند پر آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کے بولڈ ہونے کا منظر۔ فوٹو : اے ایف پی

حیدر آباد ٹیسٹ میں مائیکل کلارک اور میتھیو ویڈ نے آسٹریلیا کو مکمل تباہی سے بچالیا۔

دونوں کے درمیان 145 کی شراکت سے تقویت پاتے ہوئے کینگروز نے 237 رنز بنائے، کپتان نے 9 وکٹیں گرنے کے بعد پہلے ہی روز اننگز ڈیکلیئر کرکے میزبان بھارت کو پریشان کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی حاصل نہ ہوسکی، چنئی میں ڈیبیو پر ناکام رہنے والے پیسر بھونیشور کمار نے سازگار ماحول ملتے ہی ٹاپ تین بیٹسمین پویلین بھیج کر اپنی افادیت ثابت کردی۔

رویندرا جڈیجا نے بھی اتنے ہی شکار کیے، ہربھجن سنگھ نے 2 وکٹیں اڑائیں۔تفصیلات کے مطابق ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کی پہلی وکٹ 10 کے مجموعی اسکور پر گری جب بھونیشور نے ڈیوڈ وارنر(6) کو بولڈ کرکے کیریئر کی پہلی وکٹ کا جشن منایا، صرف 5 کے اضافہ پر ایڈ کوان 4 رنز بناکر پیسر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اسی انداز میں شین واٹسن کی 19 رنز کی مزاحمت کا خاتمہ بھی بھونیشور کمار نے کیا تو ٹوٹل 57 تھا،صرف 6 رنز کے اضافہ پر فل ہیوز(19) کی وکٹ ایشون نے حاصل کرکے کینگروز کی مشکلات میں اضافہ کیا۔



کیچ مہندرا سنگھ دھونی نے پکڑا، مائیکل کلارک نے میتھیو ویڈ ( 62) کے ساتھ 145رنز کی شراکت سے اسکور 5 وکٹ پر 208 تک پہنچایا، وکٹ کیپر بیٹسمین کے ہربھجن سنگھ کی گیند پر بھونیشور کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوتے ہی مہمان ٹیم ایک بار پھر ٹریک سے اتر گئی،موسس ہینرکس (5) جڈیجا کی گیند پر بولڈ ہوئے، اسپنر نے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے میکسویل(13) کو دھونی کا کیچ بنوایا، پیٹرسڈل(0) بغیر کھاتہ کھولے ہربھجن کی گیند پرایل بی ڈبلیوہوئے توکلارک کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہوگیا۔

جڈیجا نے تیسری وکٹ کیلیے کسی فیلڈر کا سہارا لینے کے بجائے ان کی 91 کے انفرادی اسکور پربیلز اڑادیں، انھیں اس اننگز کے دوران دو چانس بھی ملے۔آسٹریلیا کی آخری جوڑی کریز پر کچھ وقت گزارنے مین کامیاب ہوسکتی تھی مگر کپتان مائیکل کلارک نے 237 پر اننگز ڈیکلیئر کرنے کا انوکھا فیصلہ کیا، بھارتی ٹیم پر آخری لمحات میں کاری ضرب لگانے کی آسٹریلوی کوشش بھی کامیاب نہ ہوسکی، وریندر سہواگ4 اور مرلی وجے بغیر کوئی رن بنائے 3 اوورز میں اپنی وکٹیں محفوظ رکھنے میں کامیاب رہے۔