کراچی سے اربوں کے ٹریڈ سبسڈی اسکینڈل میں ملوث ملزم گرفتار

شہباز حسین کو ایف آئی اے نے ایم جناح روڈ سے گرفتار کیا،چند سال قبل ملزم فرار ہوگیا تھا


Staff Reporter November 01, 2017
فرار اور روپوشی میں مددگار اہلکاروں کی نشاندہی کیلیے ٹیلی فون ریکارڈ سے مدد لینے پر غور۔ فوٹو: فائل

اربوں روپے کے ٹریڈ سبسڈی اسکینڈل میں ملوث اہم ملزم سید شہباز حسین کو ایف آئی اے نے ایم اے جناح روڈ پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔

سید شہباز حسین ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی(ٹی ڈاپ) میں فریٹ سبسڈی کے نام پر ہونے والے اربوں روپے مالیت کے مالی اسکینڈل کا اہم ملزم ہے اور اس کیخلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل میں مقدمہ بھی درج ہے تاہم ملزم مقدمے کے اندراج سے پہلے چند سال قبل بیرون ملک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا،بعد ازاں ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے ملزم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کردیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ ملزم پاکستان واپسی کے بعد اسلام آباد میں روپوش ہو گیا تھا تاہم یہ امکان ہے کہ وہ ایف آئی اے کے اہلکاروں سے رابطے میں تھا۔

واضح رہے کہ ایک ماہ قبل ملزم امارات ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے واپس کراچی پہنچا تھا تاہم اسپیشل برانچ کے اہلکاروں نے اپنے پروٹوکول میں ملزم کوفرار ہونے میں مدد دی تھی جبکہ ایف آئی اے کے شفٹ انچارج اور ایک اہلکار کی جانب سے اس معاملے میں سنگین غفلٹ کا مظاہرہ کیاگیا تھا۔