جرائم روکنے میں سی پی ایل سی نے اہم کردار ادا کیا
گورنر ڈاکٹرعشرت العباد نے احمد چنائے کے عہدے میں 3 برس کی توسیع کردی
NEW YORK:
سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کے چیف احمد چنائے کے عہدے میں مزید 3 برس کی توسیع کردی گئی ہے۔
سی پی ایل سی کے ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس آج گورنر ہائوس میں عشرت العباد کی صدارت میں ہوا،اجلاس میں سی پی ایل سی کے مختلف امور کے علاوہ سانحہ عباس ٹائون سے پید ا ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا گیا،اس موقع پر جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ہے، اجلاس میںگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سی پی ایل سی کے مالی مسائل کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

انھوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ادارے کی کارکردگی بہتر ہے لیکن ادارے کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام میں اس ادارے نے اچھے نتائج فراہم کیے ہیں عوام کا بھی اس ادارے پر اعتماد بحال ہوا ہے لیکن عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے اچھے ٹیم ورک کے ساتھ کام کو مزید بہترکرنا ہوگا۔
اس موقع پر سی پی ایل سی چیف احمد چنائے نے بتایا کہ سندھ بھر میں سی پی ایل سی کے دفاتر قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں اس ضمن میں حیدرآباد میں ریجنل آفس کے قیام کی تمام تیاریاں مکمل ہیں جس کا عنقریب گورنر سندھ افتتاح کریں گے،سی پی ایل سی چیف نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں گورنر سندھ کو بریفنگ دی اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔