سانحہ عباس ٹاؤن بحالی کے کاموں اور متاثرین کی دیکھ بھال کیلئے کمیٹی تشکیل

کمیٹی عارضی رہائش گاہوں اور کھانے کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائے گی، ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان محمد سربراہ ہوں گے.


Staff Reporter March 05, 2013
تباہ ہونے والی دکانوں اور فلیٹوں کو حکومت اپنے اخراجات سے تعمیر کرے گی،کمشنر کراچی ہاشم رضا زیدی کی پریس کانفرنس فوٹو: فائل

کمشنر کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے کہاکہ سانحہ عباس ٹاؤن کے بحالی کے کاموں اور متاثرین کی دیکھ بھال کے لیے ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان محمد کی سربراہی میں7رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

جو متاثرین کے عارضی رہائش گاہوں اور کھانے کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائے گی جبکہ دھماکے کے نتیجے میں تباہ ہونے والی دکانوں اور فلیٹوں کو حکومت اپنے اخراجات سے تعمیر کرے گی ، کمیٹی میں قرۃ العین میمن ، امدا ایچ جلبانی ، حکیم ایم احمد زیدی، جاوید اختر اور مہدی شاہ گڈو شامل ہیں یہ بات انھوں نے کمشنر آفس میں سانحہ عباس ٹاؤن کے حوالے سے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہی،انھوں نے کہا کہ حادثے میں شہید ہونے والے افراد کیلیے15لاکھ اور زخمی ہونے والے افراد کو10لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

جس کیلیے وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ فنانس کو فوری ہدایت جاری کردی ہیں اور دو سے تین روز میں حتمی فہرست مرتب ہونے کے بعد یہ رقم لواحقین کو ادا کر دیں گے، انھوں نے کہا کہ امداد و بحالی کے کاموں میں تمام ادارے تعاون کر رہے ہیں، فوج ، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کو تیا ر ہے، انھوں نے کہا کہ اس سانحہ میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ ساتھ سنی مسلک کے افراد بھی شہید اور زخمی ہوئے ہیں،حکومت کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں، ہم سب بھائی بھائی ہیں اور تمام شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہمار ا فرض ہے۔



انھوں نے کہا کہ متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے کیمپ قائم کر دیا گیا، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا اس سانحے میں60سے زیادہ خاندان متاثر ہوئے ہیں،54فلیٹ مکمل تباہ ہوگئے ہیں،48افراد اب تک شہید ہو چکے ہیں اور مجموعی طور پر350سے400افراد متاثر ہوئے ہیں،انھوں نے کہا کہ تباہ شدہ دوکانوں اور فلیٹوں میں ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے جبکہ ملبے اٹھانے کا کام تقریباً مکمل کر لیا گیا،انھوں نے کہا کہ تمام کام متاثرین کی مکمل مشاورت سے کیا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کھانے کے ساتھ ساتھ راشن ، بستر ، کمبل اور دیگر ضروری اشیا بھی متاثرین کو فراہم کریں گے،انھوں نے کہا کہ گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ براہ راست سانحہ عباس ٹاؤن کی بحالی کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں اور انھوں نے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کی ہے۔