ہیڈنگلے ٹیسٹ چوتھے دن کا نصف کھیل بارش کی نذر

انگلینڈ 425 پر آئوٹ، عمران کی 3 وکٹیں ، جنوبی افریقہ کے بغیر کسی نقصان 39رنز


Sports Desk August 06, 2012
انگلینڈ 425 پر آئوٹ، عمران کی 3 وکٹیں ، جنوبی افریقہ کے بغیر کسی نقصان 39رنز, فوٹو فائل

KARACHI: بارش اور انگلینڈ کی بھرپور جوابی بیٹنگ کے بعد ہیڈنگلے ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن ہوگیا،چوتھے دن ابر رحمت کے سبب 45 اوورز کا کھیل ممکن نہیں ہوپایا، جنوبی افریقہ نے دوسری باری میں بغیر کسی نقصان کے 39رنز بناکر 33 رنز کی سبقت حاصل کی۔

اوپنرز جیکس روڈلف 21 اور کپتان گریم اسمتھ 17رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود رہے، اس سے قبل انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگزمیں 126.4 اوورز کے کھیل میں 425رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، کیون پیٹرسن گذشتہ دن کے انفرادی اسکور 149 میں کوئی اضافہ کیے بغیر دن کے پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر مورن مورکل کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے، میٹ پرائر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 68 کی جراتمندانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو خسارے سے باہر نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کی اننگز میں آٹھ چوکے شامل رہے، وہ عمران کی گیند پر ڈیپ فائن لیگ پر اسٹین کا کیچ بن گئے، پاکستانی نژاد اسپنر عمران طاہر نے جنوبی افریقہ کیلیے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 92رنز دیکر 3 مہرے کھسکائے، مورن مورکل، ورنون فلینڈر اور ڈیل اسٹین نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، تاہم مہمان بولرز کی جانب سے 49رنز بطور ایکسٹراز بھی انگلش ٹیم کو تحفے میں پیش کیے گئے، واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلی باری میں 419 کا مجموعہ ترتیب دیا تھا۔