90 کی دہائی کے بڑے نام ٹی 10 لیگ سے جڑ گئے

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  اتوار 5 نومبر 2017
مقابلے شارجہ میں 21سے 24دسمبر تک شیڈول ہیں۔ فوٹو: نیٹ

مقابلے شارجہ میں 21سے 24دسمبر تک شیڈول ہیں۔ فوٹو: نیٹ

لاہور: 90 کی دہائی کے بڑے نام ٹی 10لیگ کے ساتھ جڑ گئے جن میں وسیم اکرم، وقار یونس، انضمام الحق اور مشتاق احمد شامل ہیں۔

رواں سال مختصر ترین فارمیٹ ٹی 10 لیگ متعارف کرانے کا حتمی فیصلہ کیا جا چکا جب کہ مقابلے شارجہ میں 21سے 24دسمبر تک شیڈول ہیں،اس ایونٹ میں پاکستان کے ریٹائرڈ کرکٹرز شاہد آفریدی، مصباح الحق، اسٹارز سرفراز احمد، شعیب ملک، محمد عامر، بابر اعظم، احمد شہزاد اور فخرزمان سمیت کئی کھلاڑی شریک ہوںگے۔

دوسری جانب 90کی دہائی میں کرکٹ کے میدانوں میں ایکشن میں نظر آنے والے کئی کرکٹرز بڑی بے تابی سے اس ٹورنامنٹ کا حصہ بنے ہیں، چیف سلیکٹر انضمام الحق پی سی بی سے ملنے والی تنخواہ کی قربانی دے کر بھائی انتظار الحق کے ساتھ پنجابی لیجنڈز فرنچائز کے شریک خریدار بنے،اس ٹیم کے کپتان مصباح الحق ہیں۔

بورڈ سے اسی طرح کا اجازت نامہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ مشتاق احمد نے بھی حاصل کیا، وریندر سہواگ کی قیادت میں مراٹھا عریبیئن کی کوچنگ وسیم اکرم نے سنبھال لی ہے، بنگال ٹائیگرز کیلیے یہ ذمہ داری وقار یونس نبھائیں گے، ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ہونگے،کیرالہ کنگز کے کوچ سابق ویسٹ انڈین کرکٹر برائن لارا ہیں۔ٹی ٹوئنٹی لیگ کیلیے پلیئرز ڈرافٹ اتوار کو ہونگے جب کہ سرفراز احمد پہلے ہی اس مقصد کیلیے یوای ای پہنچ چکے ہیں۔

تمام فرنچائزز ڈراز کے ذریعے طے کی جانے والی ترتیب کے مطابق باری باری دستیاب پول اپنی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی، پاکستانی اسٹارز سمیت دنیا کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز کی فہرست پہلے ہی مرتب کی جاچکی ہے،ان میں شکیب الحسن،سنگا کارا،ایون مورگن اور اسٹیون فن جیسے نام بھی شامل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔