بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی آج سے شروع ہوگی

فنڈز جاری کرنے پرگورنر،وزیراعلیٰ،سیکریٹری خزانہ کے شکرگزار ہیں.


Staff Reporter March 06, 2013
فنڈز جاری کرنے پرگورنر،وزیراعلیٰ،سیکریٹری خزانہ کے شکرگزار ہیں، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کا سوک سینٹر میں دفاترکا دورہ، متعددافسران غیر حاضر. فوٹو: فائل

JERUSALEM: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کی جنوری کی تنخواہیں اورپنشن کی ادائیگی آج ( بدھ ) سے شروع کر دی جائے گی۔

فروری کی تنخواہیں اورپنشن کی ادائیگی بھی اسی ہفتے ادا کرنے کی کوشش کی جا ئے گی،تفصیلات کے مطا بق ایڈمنسٹریٹر کراچی ہاشم رضا زیدی کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں حکومت سندھ نے پیر کو آکٹرائے کی میچنگ گرانٹ کے لیے 326.958 ملین اور تنخواہوں کی مد میں500ملین روپے کی رقم جاری کردی ہے ،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے تنخواہوں کیلیے فنڈز جاری کرنے پرگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان،وزیراعلیٰ قائم علی شاہ ،سیکریٹری خزانہ نوید کامران بلوچ کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انھوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مالی مسائل کو حل کرنے میں بھرپور سرپرستی اور معاونت کی۔



دریں اؔثنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے افسران کا دفتر دیر سے آنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ جو افسران ساڑھے نو بجے کے بعد دفتر آئیں گے انھیں ان کے عہدوں سے فارغ کردیا جائے گا، یہ بات انھوں نے آج سوک سینٹر میں اچانک مختلف دفاتر کا دورہ کرتے ہوئے کہی، اکثر دفتروں میں محکموں کے سربراہ سمیت افسران وعملہ غیر حاضر پایا گیا۔