دھماکوں کی ایف آئی آر رحمن ملک کیخلاف درج کی جائے نہال ہاشمی

حکومت میں شامل لوگ ہی دہشتگردی کے ذمے دار ہیں،سیکریٹری اطلاعات ن لیگ.


Staff Reporter March 06, 2013
حکومت میں شامل لوگ ہی دہشتگردی کے ذمے دار ہیں،سیکریٹری اطلاعات ن لیگ. فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کراچی کے صدر سید نہال ہاشمی ایڈوکیٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ اور کراچی دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے سینکڑوں بے گناہ افراد کی ایف آئی آر وزیر داخلہ رحمن ملک کے خلاف درج کی جائے۔

ملک میں ہونے والی دہشت گردی میں بلیک واٹر، زنگ کارپوریشن، را اور موساد ملوث ہیں، جس کی سرپرستی رحمٰن ملک کرتے ہیں، وہ منگل کو پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر منور رضا، طاہر قریشی، اسد عثمانی، خرم بھٹی و دیگر بھی موجود تھے، انھوں نے کہا کہ اگر پنجاب میں دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کرنے سے کس نے روکا ہے،انھوں نے کہا کہ ملک میں شیعہ، سنی کوئی جھگڑا نہیں ہے، عباس ٹائون سانحہ میں شیعہ سنی دونوں شہید و زخمی ہوئے اور دونوں نے مل کر اتحاد کی مثال قائم کی ہے۔

7

دریں اثنا (ن) لیگ سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے حکومتی وزیروں کی طرف سے دہشت گردی کے واقعات کا رخ پنجاب کی جانب موڑنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت میں شامل لوگ ہی ملک میں لاقانونیت اور دہشت گردی کے واقعات کے ذمے دار ہیں، اگر حکمران ٹولے کی رہائش گاہوں کو ریڈ زون قرار دے کر سیل کیا جا سکتا ہے تو ملک کے اعلی ترین مفاد اور معصوم شہریوں کی جانوں کی حفاظت کے لیے کوئٹہ اور کراچی کو بھی ریڈ زون قرار دے کر دہشت گردوں کے داخلے کو روکا جا سکتا تھا۔