اقتدار میں آئے تو کراچی کی تقدیر بدل دینگے مصطفی کمال

اختلاف کو دشمنی میں تبدیل نہیں کرینگے، لوگ ہمارے پاس کسی مفاد یا خوف سے نہیں آ رہے، سربراہ پاک سر زمین پارٹی


Staff Reporter November 14, 2017
ممبر سازی مہم کے 50 کیمپوں پر 80 ہزار افراد آئے، سربراہ پی ایس پی کی میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو؛ فائل

پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا کہ پی ایس پی کی جڑیں مضبوط ہورہی ہیں تاہم ہمیں اقتدار ملا تو کراچی کی تقدیر بدل کر دکھائیں گے۔

پاکستان ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں مصطفی کمال کا کہنا تھاکہ لوگ ہمارے پاس کسی مفادکی لیے نہیں آرہے، نہ ہم خوف دلاکر کسی کو پارٹی میں شامل کررہے، بلکہ اہل کراچی کا پی ایس پی پر مکمل اعتماد ہے۔ کارکنوں کے عزم و حوصلے کی وجہ سے پارٹی کاپیغام تیزی سے پھیل رہاہے تاہم ہمیں اقتدار ملا تو کراچی میں کام کرکے دکھائیں گے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ آج ممبر سازی مہم کا تیسرا اور آخری دن ہے،2 روز میں کئی کیمپوں کا انھوں نے دورہ کیا، جبکہ دیگر کیمپوں پر دوسری ٹیمز گئیں۔ مصطفی کمال نے بتایا کہ 2 روز میں80 ہزار افراد50 سے زائد کیمپوں پر آئے۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ فیگر ایک لاکھ سے تجاوز کرجائے گی۔

مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ اس وقت18ہزار کارکن ہیں، جس سے بھی اختلاف ہے اس کو دشمنی میںتبدیل نہیں کریں گے، لیاری اور کھارادر سمیت ایسٹ کے کئی علاقوں کے بنیادی مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں ان کہنا تھا کہ آخری روز لیاری کے دورے کا مقصد یہی تھا کہ وہ مستقبل میں سب سے پہلے کراچی کے علاقے لیاری کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔