سانحہ کراچی جاں بحق نوجوان حسن علی کی شناخت ہوگئی

نماز جنازہ عباس ٹاؤن میں ادا کی گئی،میت کے ہمراہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر احتجاج


Staff Reporter March 08, 2013
سانحہ کراچی میں جاں بحق حسن علی کی میت ابوالحسن اصفہانی روڈ پررکھ کر احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

سانحہ کراچی جاں بحق ہونیوالے نوجوان حسن علی کی شناخت کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق3مارچ کو ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن کے قریب رہائشی اپارٹمنٹس اقرا سٹی اور رابعہ فلاورکی درمیانی سڑک پر کیے جانیوالے ہولناک بم دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے مکان نمبر B-174حسینی چوک عباس ٹاؤن کے رہائشی 17سالہ حسن علی ولد حیدر علی کو 5روز بعد ایدھی سرد خانے میں شناخت کر لیا گیا۔



شناخت مقتول کے والد حیدر علی نے کی، مقتول کی نماز جنازہ بعد نماز ظہرین جامع مسجد مصطفی عباس ٹاؤن میں ادا کی گئی نماز جنازہ مین مقتول کے اہلخانہ ، عزیز و اقارب اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شر کت کی نماز جنازہ کے بعد مقتول کی میت کو ابوالحسن اصفہانی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا گیا اورکچھ دیر کے لیے دھرنا بھی دیا گیا بعدازاں نماز جنازہ کے شرکا مقتول کی میت سپر ہائی وے لے گئے۔

جہاں وادی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا، مقتول کے بھائی سید وسیع حیدر نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مقتول حسین علی5 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھے اور اقرا سٹی کی دکانوں میں قائم گفٹ شاپ میں ملازمت کرتا تھا،دھماکا گفٹ شاپ کے قریب ہوا تھا ۔
حسن علی کے ساتھ گفٹ شاپ کے مالک اقبال عالم اور ان کا بیٹا اعتدال عالم بھی جاں بحق ہوگئے تھے، حسن علی سے آخری ملاقات دھماکے کے روز دوپہر 3 بجے ہوئی تھی جب حسن علی دوپہر کا کھانا کھانے گھر آیا تھا۔