سانحہ کراچی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے مولانا تنویرتھانوی
بم دھماکے ہو،خود کش یا ڈرون حملہ ہوقیامت صرف پاکستانیوں پر ہی ٹوٹ رہی ہے
متحدہ بین المسلمین فورم پاکستان کے صدر مولانا تنویر الحق تھانوی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے شدت پسند تنظیموں کیخلاف بھرپور آپریشن کیا جائے اور سانحہ کراچی میں ملوث ملزمان کوجلدگرفتار کرکے انھیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
تباہ شدہ عمارتوں کو ازسر نو تعمیر کرکے ان کی آباد کاری کی جائے، وہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پرعلامہ عباس کمیلی،مولانا اسد دیوبندی ،ڈاکٹر عطا المصطفیٰ ، جمیل راٹھور ، مفتی محمد شمیم خان اور دیگر بھی موجود تھے ، انھوں نے کہا کہ ملک کے کسی بھی علاقے میں پیش آنے والا حادثہ چاہے وہ خود کش ہو یا ڈرون اٹیک قیامت تو صرف پاکستانیوں پر ہی ٹوٹ رہی ہے ۔

اس کی ڈوریں کہیں سے بھی ہلائی جارہی ہوں، نقصان صرف پاکستانیوں کا ہورہا ہے ، قاتل بھی پاکستانی ہیں اور مقتول بھی پاکستانی ہی ہیں، انھوں نے کہا کہ یہ امر قابل افسوس ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کو ملک کی بعض بڑی سیاسی جماعتیں مکمل پشت پناہی فراہم کررہی ہیں،حکومت کو چاہیے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا ئے ،خواہ ان تنظیموں کا تعلق کسی بھی مسلک سے ہو ، انھوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا ئے کہ کالعدم تنظیمیں نام بدل کر اپنا کام جاری نہ رکھ سکیں۔