دانش کنیریا انگلش بورڈ کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ کریں گے

اپیل کی سماعت میں تاخیر کی جارہی ہے، لندن ہائیکورٹ میںجائیں گے، فروغ نسیم


AFP March 08, 2013
اپیل کی سماعت میں تاخیر کی جارہی ہے، لندن ہائیکورٹ میںجائیں گے، فروغ نسیم۔ فوٹو: فائل

اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں تاحیات پابندی کے شکار دانش کنیریا انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کیخلاف ہرجانے کا کیس کرینگے۔

ان کے وکیل فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ ای سی بی کیس کے اہم گواہ میرون ویسٹ فیلڈ کو جرح کیلیے پیش کرنے میں ناکام رہا ہے، اپیل کی سماعت میں غیرضروری طور پر تاخیر کی جارہی ہے، معاملے کو لندن ہائیکورٹ میں لے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لیگ اسپنر دانش کنیریا کو گذشتہ سال جون میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے کائونٹی کرکٹ میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں تاحیات پابندی اور ایک لاکھ پائونڈ جرمانے کی سزا دی تھی جس کیخلاف انھوں نے اپیل کررکھی ہے تاہم ابھی تک اسکی سماعت نہیں ہو پائی ہے۔

اس اپیل کی سماعت دسمبر میں ہونا تھی مگر اس کیس کے اہم کردار ویسٹ فیلڈ کی جانب سے حاضر نہ ہونے پر اسے 22 اپریل تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ ویسٹ فیلڈ کو اسپاٹ فکسنگ کا جرم ثابت ہونے پر 4 ماہ سزا ہوچکی، انھوں نے ای سی بی کی ڈسپلنری پینل کے سامنے گواہی دی تھی کہ انھیں کنیریا نے بھارتی بکی سے ملایا جس پر اسپنر کو سزا سنائی گئی۔

1

کنیریا اور ان کے وکلا اب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کیخلاف لندن ہائیکورٹ میں ہرجانے کا کیس کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس بارے میں اسپنر کے وکیل فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ ای سی بی نے جس گواہ کی بنیاد پر فیصلہ سنایا اس کو جرح کیلیے پیش کرنا چاہیے اگر وہ ایسا نہیں کرتا تو پھر یہ ثبوت کوئی معنی نہیں رکھتا اور نہ ہی اس کی عدم موجودگی میں کوئی کیس بنتا ہے۔

ہم ای سی بی کے سامنے مختلف پہلو اٹھارہے ہیں اور مجھے توقع ہے کہ اس معاملے کا فیصلہ اب لندن کی ہائیکورٹ میں ہوگا، انھوں نے مزید کہا کہ ہم انگلش بورڈ سے ہرجانے کا مطالبہ کرینگے کیونکہ ایک تو وہ اپیل میں تاخیر کررہا ہے اور دوسرا حتمی فیصلہ آنے تک کنیریا کو کرکٹ کے ذریعے اپنی روزی روٹی کمانے کی بھی اجازت نہیں دے رہا ہے، ہرجانے کی رقم ابھی میں نہیں بتاسکتا مگر ہم ای سی بی سے بھاری ہرجانے کا مطالبہ کرینگے۔