خودکش حملہ آور کو روکنے والے شہید اعتزاز حسین کو پاک فوج کی سلامی

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 جنوری 2014
اس موقع پر اعتزاز حسین کے رشتہ دار، اسکول کے طالبعلموں اور دوستوں سمیت عام لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔   فوٹو؛ایکسپریس نیوز

اس موقع پر اعتزاز حسین کے رشتہ دار، اسکول کے طالبعلموں اور دوستوں سمیت عام لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

ہنگو: خودکش حملہ آور کو روک کر سینکڑوں طالبعلموں کی جان بچانے والے شہید اعتزاز حسین کی آخری آرام گاہ پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہنگو میں بریگیڈیئر ذکی کی سربراہی میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید اعتزاز حسین کی آخری آرام گاہ پر سلامی پیش کی جب کہ پاک فوج کے دستے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی طرف سے قبر پر پھول بھی رکھے اور دعا کی۔ اس موقع پر اعتزاز حسین کے رشتہ دار، اسکول کے طالبعلموں اور دوستوں سمیت عام لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر اعتزاز حسین کے والد نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ میرے بیٹے نے اپنی جان دے کر 900 سے زائد طالبعلموں کی جان بچائی۔ انہوں نے کہاکہ صرف مجھے ہی نہیں بلکہ میرے پورے خاندان اور پاکستانی قوم کو اعتزاز حسین کی شہادت پر فخرہے۔

گزشتہ روز وزیر اعظم نواز شریف نے اعتزاز حسن کو ستارہ شجاعت دینے کے لئے صدر مملکت کو سمری ارسال کی تھی جس میں کہا گیا کہ نویں جماعت کےطالب علم اعتزازحسن نےجرات اور بہادری کامظاہرہ کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کو اسکول کے اندر داخل ہونے سے روکا اور اپنی جان کی قربانی دے کر سیکڑوں طالب علوں کی جان بچا کر حب الوطنی اور شجاعت کی عظیم مثال قائم کی۔

واضح رہے کہ 6 جنوری کو ہنگو کے نواحی علاقے ابراہیم زئی میں خودکش حملہ آور نے گورنمنٹ ہائی اسکول میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم اسکول کے باہر اعتزازحسن نے لڑکے کومشکوک سمجھ کرروکنے کی کوشش کی جس پر بمبار نے خود کودھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں بہادر طالب علم اعتزاز حسن نے جام شہادت نوش کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔