فلسطینی مائیں عید کے روز بھی لاشیں اٹھاتی رہیں، صیہونی بمباری سے مزید 10افراد شہید

ویب ڈیسک  پير 28 جولائی 2014
حماس کی جوابی کارروائیوں میں امریکی فوجیوں سمیت 43 صیہونی فوجی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

حماس کی جوابی کارروائیوں میں امریکی فوجیوں سمیت 43 صیہونی فوجی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

غزہ: فلسطین میں عید کے روز بھی مائیں اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھاتی رہیں اور غزہ میں جاری صیہونی بربریت سے مزید 10 افراد شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق غزہ میں گزشتہ 21 روز سے جاری بربریت اور سفاکیت میں اب تک 1060سے زائد نہتے فلسطینی شہید جب کہ 6 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

گزشتہ روز اسرائیل نے 12 گھنٹے کے لئے جنگ بندی کے اعلان سے قبل غزہ پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر ہو گئیں جب کہ جنگ بندی جنگ بندی ختم ہوتے ہی صیہونی افواج نے ایک بار پھر درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سفاکانہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا جس کے نتیجے میں اب تک متعدد افراد شہید ہو چکے ہیں۔ حماس کی جانب سے بھی جوابی کارروائی میں تل ابیب پر بم برسائے گئے جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا۔

ادھرغزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے دوران کی جانے والے امدادی کارروائیوں کے دوران اسرائیلی بمباری کا نشانہ بننے والی عمارتوں کے ملبے سے 150 سے زائد لاشیں برآمد ہوئی ہیں، بیشتر لاشیں غزہ کے علاقوں بیتِ حانون، خان یونس اور شجاعیہ سے ملی ہیں۔

واضح رہے کہ 8 جولائی سے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے دوران 1060 سے زائد نہتے فلسطینی شہید جب کہ 6 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، حماس کی جوابی کارروائیوں میں امریکی فوجیوں سمیت 43 صیہونی فوجی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔ صیہونی جارحیت کے خلاف اسرائیل کے شہر یروشلم اور مغربی کنارے سمیت دنیا بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔