راولپنڈی:
اے این ایف کا ملک کے مختلف بین الاقوامی ایئرپورٹس پر منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، خلیجی ممالک کو منشیات اسمگلنگ کی 12 کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔
اے این ایف کے مطابق 12 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 18 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 46.936 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق برآمد شدہ منشیات میں 37.654 کلوگرام آئس، 2.500 کلوگرام ہیروئن اور 6.762 کلوگرام نشہ آور گولیاں شامل ہیں۔
اے این ایف نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین روانہ ہو رہے تھے، جن میں بیشتر افراد عمرہ کی ادائیگی کے لیے جا رہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں جعلی فری عمرہ پیکجز کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کا انکشاف بھی ہوا ہے۔
اے این ایف حکام کے مطابق مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نامعلوم افراد کے دیے گئے پارسل یا اشیاء بیرون ملک لے جانے سے گریز کریں، کیونکہ ایسی سرگرمیاں سنگین قانونی نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔
اے این ایف نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک کو منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے انٹیلی جنس معلومات اور ایئرپورٹس پر مؤثر نگرانی کے ذریعے کارروائیاں جاری ہیں جبکہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے انسداد منشیات اقدامات مزید تیز کیے جا رہے ہیں۔