الیکشن کمیشن میں پارٹی گوشوارے جمع کرانے کی مدت ختم

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 اگست 2014
جن جماعتوں نے پارٹی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی انھیں انتخابی نشان آلاٹ نہیں کئے جائیں گے، الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

جن جماعتوں نے پارٹی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی انھیں انتخابی نشان آلاٹ نہیں کئے جائیں گے، الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں پارٹی گوشوارے جمع کرانے کی مدت ختم ہو گئی  ہے جب کہ 282 سیاسی جماعتوں میں سے صرف 25 نے اپنے مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرائیں ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے 29 اگست تک کی مہلت دی گئی تھی جو کہ گزشتہ روز ختم ہو چکی ہے، 282 سیاسی جماعتوں میں سے صرف 25 جماعتوں نے پارٹی اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جن جماعتوں نے پارٹی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں ان میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جماعت اسلامی، اے این پی، پختون خوا ملی عوامی پارٹی اور عوامی مسلم لیگ شامل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک، مسلم لیگ (ق) اور ایم کیو ایم نے بھی پارٹی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی ہیں۔ الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ جن جماعتوں نے پارٹی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی انھیں انتخابی نشان آلاٹ نہیں کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے لئے لازمی ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے سالانہ اخراجات، آمدن اور ذرائع کی مکمل تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔