افغانستان سے پاکستانی چوکی پر حملہ کرنیوالے 11 دہشتگرد ہلاک، 3 ایف سی اہلکار شہید

ویب ڈیسک  منگل 16 ستمبر 2014
سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے 3 دہشت گردوں کی لاشیں اپنے قبضےمیں لے لیں جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا۔   فوٹو؛ فائل

سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے 3 دہشت گردوں کی لاشیں اپنے قبضےمیں لے لیں جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا۔ فوٹو؛ فائل

سپن وام: افغانستان سے ایک بار پھر دہشت گردوں نے پاکستانی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا تاہم سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 11 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جب کہ حملے میں 3 ایف سی اہلکار بھی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آج علیٰ الصبح افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام کی چوکی ڈنڈی کچ پر حملہ کیا گیا تاہم پاکستانی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 11 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جن میں سے 3  دہشت گردوں کی لاشیں فورسز نے اپنے قبضے میں لے لیں جب کہ اس دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار بھی کرلیا۔ دہشت گردوں کی جانب سے چوکی پر اچانک حملے کےنتیجے میں ایف سی کے 3 جوان بھی شہید ہوگئے۔

واضح رہے کہ افغانستان سے دہشت گردوں کی جانب سے پاکستانی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر اس سے قبل بھی متعدد حملے کئے جاچکے ہیں۔ افغانستان سے دراندازی کے خلاف پاکستان کئی بار افغان ناظم الامور سے احتجاج بھی کرچکا ہے لیکن اس کے باوجود افغان حکومت اور فورسز دہشت گردوں کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔