کراچی؛ سندھ گورنمنٹ اسپتال شریف آباد سے 3 سالہ بچی لاپتا

پولیس نے بچی کی نانی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا اور بچی کی تلاش کے حوالے سے کوششیں شروع کردی ہیں


منور خان September 19, 2026
فوٹو: پولیس

کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے سندھ گورنمنٹ اسپتال شریف آباد سے 3 سالہ بچی لاپتہ ہوگئیں جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق سندھ گورنمنٹ اسپتال شریف آباد سے 3 سالہ عائشہ لاپتا ہوگئیں جو کہ اپنی والدہ اور نانی کے ہمراہ چیک اپ کرانے آئی تھی ، لاپتا بچی کی والدہ ٹنڈوآدم سے اپنی والدہ سے ملنے آئی تھی، پولیس نے اسپتال سے لاپتا بچی کی تلاش کے حوالے سے کوششیں شروع کر دی ہیں۔

پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اگر بچی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات ہو تو فوری طور پر شریف آباد پولیس یا مدد گار 15 پر فوری اطلاع دیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ لاپتا بچی کی والدہ اپنی 2 بیٹوں، 3 سالہ عائشہ اور 4 سالہ فاطمہ کے ہمراہ ٹنڈو آدم سے والدہ سے ملنے غریب آباد قریشی محلہ آئی ہوئی تھی، بچوں کی طبعیت ناساز ہونے کے باعث لاپتا بچی عائشہ اپنی والدہ، نانی اور بڑی بہن 4 سالہ فاطمہ کے ہمراہ سندھ گورنمنٹ اسپتال شریف آباد گئی تھی۔

مزید بتایا گیا کہ لاپتا بچی کی والدہ گائنی وارڈ میں چلی گئیں جبکہ نانی دونوں بچیوں کو لے کرچیک اپ کے لیے جنرل فزیشن کے پاس لے گئیں اور ڈاکٹر کی جانب سے ادویات لکھ کر دینے کے بعد نانی زرینہ فارمیسی سے ادویات لینے گئی اور اس دوران دونوں بچیاں (بہنیں) ان کے ہمراہ تھیں جہاں انہوں نے لائن میں لگ کر ادویات لیں۔

پولیس کے مطابق جب وہ واپس پلٹیں تو 3 سالہ عائشہ لاپتا پائی گئیں، جس سے انہوں نے ہر جگہ تلاش کیا لیکن بچی کا کچھ پتا نہ چل سکا۔

شریف آباد پولیس نے لاپتا بچی عائشہ کی نانی زرینہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے، پولیس اسپتال میں اور باہر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرتے ہوئے لاپتا ہونے والی 3 سالہ عائشہ کو تلاش کر رہی ہے۔