سی این جی کی 3 دن بندش کا جاری شیڈول واپس لے لیا گیا

بزنس رپورٹر  منگل 16 دسمبر 2014
گیس سپلائی میں بہتری دیکھ کرفیصلہ کیا، متعلقہ ایسوسی ایشن کومطلع کردیا، ترجمان۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

گیس سپلائی میں بہتری دیکھ کرفیصلہ کیا، متعلقہ ایسوسی ایشن کومطلع کردیا، ترجمان۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنوں کو گیس کی فراہمی کی بندش کا ایک ہی دن میں 2 بار شیڈول جاری کردیا جس سے سی این جی اسٹیشن مالکان اور صارفین تذبذب کاشکار ہوگئے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے پہلا نوٹیفکیشن سی این جی صنعت کو جاری کیا گیا پیر کے روز آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی جانب سے میڈیا کو موصول ہونیوالے نوٹیفکیشن میں رواں ہفتے 72 گھنٹے بندش کا اعلان کیا گیا جس کے تحت منگل سے بدھ، جمعرات سے جمعہ اور ہفتہ سے اتوار کے دوران 24/24 گھنٹے کی 3 بار بندش کا شیڈول جاری کیا گیا، شیڈول سے سی این جی اسٹیشن مالکان اور صارفین تشویش میں مبتلا ہوگئے۔

صارفین نے پیش بندی کے طور پر سی این جی ٹنکیاں فل کرانا شروع کردیں، پیر کی شام سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان نے اعلان کیا کہ رواں ہفتے کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی بلاتعطل فراہم کی جائے گی، ترجمان کے مطابق کمپنی نے یہ فیصلہ گیس کی سپلائی میں بہتری کو دیکھتے ہوئے کیا ہے اور متعلقہ ایسوسی ایشن کو مطلع کردیا ہے، ذرائع کے مطابق رواں ہفتے گیس کی سپلائی میں کمی پر بندش کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے لیکن تاحال  جاری ہفتے کے لیے  بندش کا کوئی شیڈول مرتب نہیں کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔