شام میں باغیوں کا 17 چیک پوسٹوں پر قبضہ

اے ایف پی / خبر ایجنسیاں  جمعـء 27 مارچ 2015
 امریکی فوج نے تکریت میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔ فوٹو: فائل

امریکی فوج نے تکریت میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔ فوٹو: فائل

دمشق / بغداد / بیروت / پیرس / لندن: شام میں جنگجوؤں نے عدلیب شہر کے قریب 17 چیک پوسٹوں پر قبضہ کرلیا جبکہ جھڑپوں میں 68 افراد ہلاک ہوگئے، چیک پوسٹوں پر قبضہ جنگجو تنظیم النصرہ فرنٹ اور اس کی اتحادی جہادی تنظیموں نے کیا۔

جنگجوؤں نے عدلیب شہر میں شدید شیلنگ بھی کی جس سے شامی فوج نئے چیک پوسٹیں اور رکاوٹیں کھڑی کرنے پر مجبور ہوگئی، صوبہ عدلیب کا بیشتر رقبہ جنگجوؤں کے قبضے میں ہے جبکہ عدلیب شہر پر شامی فورسز کا کنٹرول برقرار ہے، عراقی شہر تکریت میں فرانسیسی جنگی طیاروں نے پہلی مرتبہ داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، امریکی فوج نے تکریت میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔

امریکی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل جیمز ٹیری کے مطابق ان فضائی حملوں کا مقصد دولت اسلامیہ کے مضبوط ٹھکانوں کو درستی سے نشانہ بنانا ہے تاکہ اس میں کسی دوسرے کو نقصان نہ پہنچے اور املاک بھی تباہ ہونے سے بچ جائیں، دولت اسلامیہ کے خلاف اس آپریشن میں ہزاروں عراقی اہلکاروں کے ساتھ شیعہ ملیشیا کے 20 ہزار کارکن بھی حصہ لے رہے ہیں جنھیں ایران کا تعاون بھی حاصل ہے، برطانیہ شامی باغیوں کو داعش کے خلاف لڑنے کیلیے ٹریننگ دے گا۔

برطانیہ کے اراکین پارلیمان نے خبردار کیا ہے کہ عراق اور شام جا کر دولت اسلامیہ میں شامل ہونے والے برطانوی شہریوں کو روکنے کیلیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جا رہے، داخلہ امور کی کمیٹی کی چیئرمین کیتھ ویز نے کہا کہ برطانیہ کو ایسے افراد کے دل و دماغ جیتنے ہوں گے، اٹلی میں اسلامک اسٹیٹ کیلیے بھرتی کا نیٹ ورک چلانے کے جرم میں3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے کے مطابق گزشتہ برس صنعتی ممالک میں پناہ کے متلاشی افراد کی تعداد میں قریب نصف کا اضافہ دیکھنے میں آیا، اس کی سب سے بڑی وجہ شام اور عراق کے بحران تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔